مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ

   

کریم نگر ضلع صدر کانگریس کا سرکاری دواخانوں کے سپرنٹنڈنٹ کو یادداشت
کریم نگر۔/25 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی کانگریس اقلیتی شعبہ صدر شیخ عبداللہ سہیل کی ہدایت پر ریاست کے سبھی ضلع مستقر سرکاری دواخانوں میں شریک ڈینگو، ملیریا وبائی بخار کے مریضوں کی مزاج پرسی کرتے ہوئے پھل تقسیم کرنے اور دواخانہ کے سپرنٹنڈنٹ کو یادداشت حوالے کرنے کے سلسلہ میں آج صبح 11:30 بجے کریم نگر سرکاری دواخانوں کا معائنہ کیا ۔ ضلع صدر محمد تاج الدین کی زیر قیادت ایک وفد نے دواخانہ سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری یادداشت حوالے کی جس میں مریضوں کا معیاری علاج کرنے اور کامل صحت یابی کے بعد دواخانہ سے گھر بھیجنے کا مشورہ دیا اور دواخانہ کے اندر و اطراف و اکناف صفائی کے بہتر انتظامات کی سہولت کیلئے عمل آوری کی ہدایت دی۔ غریبوں کی حالت پہلے سے ہی بری ہے اس پریشان حالی میں کم از کم ان کی صحتمندی کیلئے بھی حکومت کچھ نہیں کررہی ہے۔ آروگیہ شری صرف برائے نام ہے خانگی دواخانے اسے قبول نہیں کررہے ہیں ۔ سرکاری دواخانوں میں ضرورت کے حساب سے عملہ نہیں ہے اور ادویات بھی نہیں ہیں۔ وزیر صحت کے اپنے ضلع میں سرکاری دواخانے بدحالی کا شکار ہیں۔ بی سی سی سکریٹری محمد عبدالصمد نواب ، سید عقیل ، نہال احمد، لئیق قادری، خواجہ بابا، محمد عزیز ، کلیم الدین، محمد عرفان ، سلمان ، عبدالکریم الدین اور دیگر شریک تھے۔