ہیلت عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کی ہدایت، سنگاریڈی ہیلت سنٹر کی کارکردگی کاجائزہ
سنگاریڈی 26 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی میں عوامی حکمرانی ترقیاتی منصوبہ پروگرام کے تحت ضلع کے مختلف پرائمری ہیلتھ سنٹرس اور اربن پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں طبی اسکریننگ کیمپ منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پی پراوینیا کلکٹر ضلع سنگاریڈی کلکٹر نے ان کیمپوں کا معائنہ کرتے ہوئے سہولیات کا جائزہ لیا۔ کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ان طبی کیمپوں سے بھرپور استفادہ کریں۔ کلکٹر نے سنگاریڈی کے گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ ڈیجیٹل ہیلتھ پروفائل رجسٹریشن، ڈیٹا انٹری کا عمل اور مریضوں کی تفصیلات کے اندراج کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ او پی رجسٹریشن کاؤنٹرس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ساتھ ہی انٹرنیٹ کی رفتار کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی۔ کلکٹر نے او پی ڈی، سرجیکل، مرد و خواتین میڈیکل شعبہ جات، فارمیسی ڈسپینسنگ یونٹ، فارمیسی اسٹورس، رجسٹریشن کاؤنٹرس اور کریٹیکل کیئر یونٹ کا معائنہ کرتے ہوئے ریکارڈ کی درست دیکھ بھال پر زور دیا۔ بعد ازاں انہوں نے ریتو بازار کے قریب واقع اقلیتی اقامتی اسکول کا دورہ کیا جہاں سو روزہ خصوصی مہم کے تحت آر بی ایس کے طبی کیمپ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر طلبہ کے طبی معائنہ کے بارے میں دریافت کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ طلبہ میں خون کی کمی، آنکھ، کان، دانتوں کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ضروری علاج کے لیے ریفر کیا جا رہا ہے۔ کلکٹر نے مارکس نگر اربن پرائمری ہیلتھ سنٹر کا بھی دورہ کرتے ہوئے جاری خصوصی طبی کیمپ کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ہیلتھ ریکارڈس، میڈیکل آفیسر کے کمرے، ادویات کے ذخیرہ اور لیبارٹری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام طبی عملہ ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے۔ اس موقع پر جی جی ایچ سپرنٹنڈنٹ مرلی کرشنا، ڈی سی ایچ ایس کویتا، ڈاکٹر ششانک اور دیگر متعلقہ عہدیداران موجود تھے۔