مریضوں کیساتھ ڈاکٹرس کو بہتر سلوک کی ریاستی وزیر ناگیشور راؤ نے ہدایت دی

   

کھمم ہاسپٹل کا اچانک معائنہ، ڈاکٹرس کی غیر حاضری پر اظہار ناراضگی

حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ علاج کیلئے ہاسپٹل پہنچنے والے مریضوں کے ساتھ بہتر اور احترام کا سلوک کیا جائے۔ ٹی ناگیشور راؤ نے آج کھمم کے سرکاری ہاسپٹل کا اچانک معائنہ کیا اور وہاں مریضوں کو دی جارہی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ریاستی وزیر نے ہاسپٹل میں موجود مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ ریاستی وزیر نے نصف گھنٹہ تک ہاسپٹل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرس کی عدم موجودگی پر برہمی ظاہر کی اور کہا کہ تمام ڈاکٹرس کو اپنے مقررہ وقت پر ہاسپٹل میں موجود رہنا چاہیئے۔ ہاسپٹل میں جگہ جگہ کچرے کے انبار اور صحت و صفائی ناقص انتظامات پر ریاستی وزیر نے ناراضگی جتائی۔ انہوں نے ہاسپٹل اور اس کے اطراف کے احاطہ میں صحت و صفائی کے انتظامات کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی ناگیشورراؤ نے کہا کہ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے اور بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج کی سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے کلکٹر مزمل خاں کو ہدایت دی کہ ہاسپٹل کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری کارروائی کریں۔ ریاستی وزیر کے ہمراہ کمشنر ابھیشیک، ہاسپٹل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بی کرن کمار اور دوسرے موجود تھے۔1