جماعت اسلامی کے بشمول دیگر تنظیموں کی مساعی، عوام کو راحت کی توقع
حیدرآباد۔شہر میں ہونے والی آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کیلئے کئی سماجی تنظیموں کی جانب سے مفت آکسیجن کی فراہمی کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور کئی مقامات پر مفت آکسیجن سلینڈرس کی فراہمی عمل میں لائی جارہی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کی تعداد اور انہیں سانس لینے میں تکلیف کی صورت میں آکسیجن کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے شہر میں کچھ تنظیموں نے آکسیجن کے مراکز کے قیام کا منصوبہ تیار کیا تھا لیکن حکومت کی جانب سے آکسیجن کی سہولت فراہم کرنے کے مراکز کی اجازت نہ دیئے جانے کے سبب گھریلو قرنطینہ میں زیر علاج مریضوںکو مفت آکسیجن سلنڈرس کی فراہمی کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر تنظیموں کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کی سہولت کیلئے آکسیجن کی فراہمی کے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے علاوہ ازیں دیگر تنظیموں اور سرکردہ شہریوں کی جانب سے بھی آکسیجن کی فراہمی کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے سرکردہ تاجرین کی جانب سے بھی شہر کے مختلف مقامات پرمفت آکسیجن سیلنڈر کی فراہمی کے سلسلہ میں مراکز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ کرایہ پر دستیاب رہنے والے سیلنڈر اب برائے فروخت ہیں کیونکہ سیلنڈرس کی قلت اور طلب میں ہونے والے اضافہ کے سبب آکسیجن گیاس سربراہ کرنے والی ایجنسیوں نے کرایہ پر سیلنڈرس کی فراہمی کو بند کرنا شروع کردیا ہے جو کہ مزید تکلیف دہ ثابت ہورہا ہے لیکن شہر حیدرآباد میں سماجی تنظیموں اور سرکردہ شہریوں کی جانب سے مفت آکسیجن کی فراہمی کے اقدامات کے آغاز سے بڑی راحت حاصل ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
