مریض کو ہوش میں رکھ کر برین ٹیومر کی کامیاب سرجری

   

کاکیناڈا کے سرکاری دواخانہ کے ڈاکٹرس کا کارنامہ
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں کاکیناڈا ضلع کے ایک سرکاری ہاسپٹل میں ڈاکٹرس نے انتہائی عصری برین سرجری کو انجام دیا ہے جو مریض کو ہوش میں رکھ کر کی جاتی ہے۔ Awake Craniotomy جسے ہوش میں رکھ کر برین سرجری بھی کہا جاتا ہے انجام دی گئی اور مریض جونیر این ٹی آر کی فلم کا مشاہدہ کرتی رہی۔ اس عصری سرجری میں مریض کو مکمل طور پر ہوش میں رکھا جاتا ہے۔ کاکیناڈا کے گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل میں 55 سالہ خاتون اے اننت لکشمی کی سرجری کی گئی۔ وہ مسلسل سردرد اور دیگر عوارض کا شکار تھی اور ڈاکٹرس نے دماغ کی بائیں جانب 3.3×2.7 سنٹی میٹر ٹیومر کی موجودگی کا پتہ چلایا۔ خانگی ہاسپٹل میں علاج کیلئے بھاری اخراجات کے باعث خاتون نے سرکاری ہاسپٹل کا انتخاب کیا۔ ڈاکٹرس نے اننت لکشمی کے آپریشن کے دوران جونیر این ٹی آر کی فلم آدرش دیکھنے کا انتظام کیا جو خاتون کی پسندیدہ فلم بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹرس نے کامیاب سرجری کے ذریعہ ٹیومر کو نکالا اور یہ آپریشن تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ آئندہ پانچ دنوں میں مریض کو ڈسچارج کردیا جائے گا۔ گذشتہ ہفتہ اسی طرح کی برین سرجری کلیان سنگھ کینسر انسٹی ٹیوٹ اتر پردیش میں انجام دی گئی تھی۔1