مریض کی تشخیص کے بعد ڈاکٹر اومی کرون سے متاثر

   

متاثرہ مریض سے رابطہ میں آنے والوں کی تفصیلات اور نمونوں کی جانچ کا فیصلہ
حیدرآباد۔20ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائر س کی نئی قسم اومی کرون کے بین الاقوامی مریض سے رابطہ میں آنے والے ڈاکٹر کو اومی کرون کی توثیق کے بعد محکمہ صحت کی تشویش میں اضافہ ہوچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اومی کرون سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر سے رابطہ میں آنے والے طبی عملہ کے علاوہ دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے عملہ اور مریضوں کی جانچ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ شہر حیدرآباد کے ایک کارپوریٹ دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے آنکالوجسٹ (ماہر کینسر) ڈاکٹر نے بیرونی ملک سے آئے ایک کینسر کے مریض کی تشخیص کی تھی اور اس وقت تک مریض اور ڈاکٹر دونوں کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ مریض کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون سے متاثر ہے۔ اومی کرون کے متاثر کی نشاندہی اور اس مریض کو قرنطینہ کرنے کے بعد جو لوگ اس شخص سے رابطہ میں آئے تھے ان کے نمونوں کے حصول کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شہر کے سرکردہ کارپوریٹ دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر کو اس شخص نے متاثر کیا ہے اوراب محکمہ صحت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جار ہی ہے کہ ڈاکٹر سے جو لوگ رابطہ میں آئے ہیں یا جن مریضوں کی ڈاکٹرنے16ڈسمبر کے بعد تشخیص کی ہے ان تمام کے نمونے حاصل کئے جائیں تاکہ اومی کرون کے متاثرین کی جانچ کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے باضابطہ اس با ت کی توثیق نہیںکی ہے کہ اومی کرون کا سماجی پھیلاؤ شروع ہوچکا ہے لیکن محکمہ جاتی اساس پر کئے جانے والے اقدامات کو دیکھا جائے تو سماجی پھیلاؤ کی توثیق ہونے لگی ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں حاصل کردہ 100 نمونے اب بھی سی سی ایم بی اور سی ڈی ایف سی میں ہیں جہاں اومی کرون کے جینوم کی جانچ زیر التواء ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں اب تک پائے جانے والے 21 کورونا وائرس کے مریضوں میں بیرونی مسافرین کے علاوہ مقامی شہریوں کی بھی توثیق ہوئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سی سی ایم بی اور سی ڈی ایف سی جہاں اومی کرون کی جانچ کے لئے نمونوں کو روانہ کیاجا رہاہے وہاں اب تک 130 نمونے روانہ کئے کئے گئے ہیں جن میں 21 افراد کو اومی کرون کی توثیق ہوچکی ہے اور 100 نمونوں کے نتائج کا اب بھی انتظار ہے۔ اومی کرون کے متاثرہ مریض سے رابطہ میں آنے کے بعد وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹر کے متعلق کہا جا رہاہے کہ گذشتہ 4یوم کے دوران ڈاکٹر نے 100 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا ہے اور 50 سے زائددواخانہ کے عملہ سے رابطہ میں آئے ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیدار نے بتایا کہ اگر اس متعدی قسم کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتا ہے تو حالات انتہائی سنگین نوعیت اختیار کرسکتے ہیں اسی لئے عہدیداروں کی جانب سے پھیلاؤکوروکنے کے علاوہ رابطہ میں آنے والوں کو بھی قرنطینہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔م