لاہور ۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی اور رہائی کا حکم دے دیا۔عدالت عالیہ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے مذکورہ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور درخواست گزار کے وکیل دونوں کے دلائل کے بعد 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔جسے آج عدالت نے سناتے ہوئے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت کو منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ایک کروڑ کے 2 مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ساتھ ہی عدالت نے مریم نواز کو اضافی 7 کروڑ روپے جمع کروانے کا کہتے ہوئے بھی اپنا پاسپورٹ جمع کروانے کا حکم بھی دے دیا۔آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت مریم نواز کی ضمانت دیتے ہوئے عدالت کے تحریری حکم کے مطابق ‘چونکہ استغاثہ نے درخواست گزار کی ایک بینک اسٹیٹ منٹ دکھائی، جس میں 28 نومبر 2011 کو 7 کروڑ روپے نکالے گئے اور استغاثہ کو درخواست گزار کے فرار ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا ہم عدالت کو مطمئن کرنے کے لیے ایک مشروط حکم جاری کریں گے’۔عدالت کی جانب سے مریم نواز کی ضمانت منظور ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے جشن منایا۔
