مرینابیچ پر جیہ للیتا کی یادگار کی تعمیر کے خلاف عرضی ہائی کورٹ میں مسترد

   

چینائی۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تمل ناڈو کے دارالحکومت چینئی کی مرینا بیچ پر سابق وزیراعلی جیہ للیتا کی یادگار کی تعمیر کی مدراس ہائی کورٹ نے اجازت دے دی۔جیہ للیتا کی یادگار کی تعمیر کے خلاف ایم ایل روی نامی ایک شخص ہائی کورٹ سے رجوع ہوا تھا’ اس نے اپنی عرضی میں ادعا کیاتھاکہ جیہ للیتا غیرمحسوب دولت کے معاملہ ملزم تھیں، ان کی یادگار تعمیر نہیں کی جاسکتی ۔ تاہم جسٹس ایم ستیہ نارائنا اور جسٹس پی راما مانیکم پر مشتمل ہائی کورٹ کی ڈیویژن بنچ نے اس عرضی کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ وہ مجرم نہیں تھیں۔ عرضی گزار نے یہ بھی کہاکہ ساحل سمندرپرکسی عمارت کی تعمیر کرنا کوسٹل ریگولیشن کے قواعد کی توہین ہے تاہم بنچ نے اپنے فیصلہ میں کہاکہ عرضی گزار کے ادعا کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ یہ یادگار اس وقت تعمیر کی جارہی ہے جب کہ جیہ للیتا کومجرم قرارنہیں دیا گیا اور نہ ہی انہیں سزا ہوئی ہے ۔ کوسٹل ریگولیشن رول کے لیے ریاستی حکومت نے عدالت میں ادعا پیش کیا کہ مرینا بیچ پر یادگار کی تعمیر کے لیے ساحلی علاقہ کے اصول وضوابط کے نگران حکام اور چینائی کارپوریشن سے اجازت حاصل کی گئی ہے۔
بنچ نے کہاکہ جیہ للیتا کی یادگار تعمیر کرنا حکومت کا فیصلہ ہے اوراس میں مداخلت نہیں کی جاسکتی۔