مرے میامی اوپن سے واپسی کے خواہاں

   

لندن ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے امید کررہے ہیں کہ وہ اپنے زخموں پر قابو پاتے ہوئے رواں ماہ میامی اوپن سے واپسی کریں گے۔ حالیہ دنوں میں زخمی ہوکر تین ماہ کیلئے ٹینس سے دور ہونے کے بعد مرے نے نیٹ پراکٹس شروع کردی ہے اور امید کررہے ہیں کہ رواں ماہ میامی اوپن میں وہ نہ صرف واپسی کریں گے بلکہ معیاری مظاہرہ بھی کریں گے۔ مرے نے جنوری 2019ء میں اپنی واپسی کی بہتر امید کرلی تھی لیکن ان کے کولہے کی ہڈی میں زخم آیا تھا۔ علاوہ ازیں گذشتہ ہفتہ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا تھا کہ اگر اس میں تکلیف برقرار رہی تو انہیں ایک اور سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے لیکن انہوں نے اب پریکٹس کی تصاویر شائع کی ہے اور امید کا اظہار کیا ہیکہ وہ جلد ہی میدان میںواپسی کریں گے۔ میامی اوپن کا 25 مارچ کو آغاز ہورہا ہے جہاں مرے کی واپسی ہوگی ۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے مرے نے کہا کہ وہ میامی اوپن میں شرکت کیلئے پریکٹس شروع کرچکے ہیں۔