واشنگٹن ۔ 20 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے کو سنگلز مقابلوں میں واپسی پر پہلے ہی راؤنڈ میں شکست برداشت کرنی پڑی ۔ تین مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن مرے کو اے ٹی پی وینسٹن سیلم اوپن کے پہلے راؤنڈ میں بہتر مظاہرے کے باوجود انھیں عالمی درجہ بندی میں 73 ویں مقام پر موجود امریکی ٹینس اسٹار ٹینیز سائنڈگرین کیخلاف دو گھنٹے دس منٹ طویل مقابلے میں 7-6(10-8)، 7-5 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ شکست کے باوجود اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مرے نے کہاکہ آج کے مقابلے میں بہت کچھ بہتر ہوا کیونکہ میں گیند پر بہتر انداز سے اسٹروک لگارہا تھا جوکہ سنسناتی سے بہتر مظاہرہ رہا ۔ اس کے علاوہ ڈراپ شاٹس بھی میں نے بہتر کھیلے جوکہ گزشتہ ہفتہ کی بہ نسبت زیادہ اطمینان بخش مظاہرہ ہے ۔ علاوہ ازیں جسمانی طورپر بھی یہ مقابلہ اطمینان بخش ہے کیونکہ نہ مجھے کوئی تکلیف ہوئی اور نہ ہی مقابلے کے دوران کسی دقت کا سامنا رہا ۔