مزار شریف: تاجکستان سے متصل افغانستان کے شہر مزار شریف میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کے حوالے سے منگل کی شام ایک خصوصی طیارہ دہلی کے لیے روانہ ہوا۔ افغانستان کی فوج اور طالبان جنگجؤں کے درمیان مزار شریف کے باہری علاقے میں جاری شدید جنگ کے پیش نظر مزار شریف میں فعال اپنے واحد قونصل جنرل سے بھی اہلکاروں اور کچھ ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک اپیل جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ہندوستانی شہری مزار شریف کے آس پاس رہتا ہے ، توخصوصی طیارے سے ہندوستان چلا جائے ۔ ہندوستانی قونصل جنرل نے منگل کے روز ٹویٹ کیاکہ افغانستان سے بیرونی افواج کی دستبرداری کے بعد طالبان کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ افغان حکومت اشرف غنی کی قیادت میں طالبان کی سرکوبی کیلئے کوشاں ہے جس کے نتیجہ میں تشدد بڑھ گیا ہے۔ مزار شریف اور اس کے آس پاس موجود ہندوستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خصوصی طیارے میں سوار ہو کر وہاں سے نکل جائیں۔ ہندوستانی قونصل جنرل نے کہا کہ یہ خصوصی طیارہ آج ہی مزار شریف سے نئی دہلی کے لیے روانہ ہورہا ہے۔