مزدوروں اور کسانوں کی جدوجہد میں ان کیساتھ مضبوطی سے کھڑا رہوں گا:راہول

   

نئی دہلی، 12 فروری (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں کے سبب ملک کے مزدور اور کسان اپنے حق کی لڑائی کے لیے سڑکوں پر ہیں اور وہ اس جدوجہد میں مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔راہول گاندھی نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ملک کا محنت کش طبقہ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی سے پریشان ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پورے ملک میں لاکھوں مزدور اور کسان اپنے حق کی آواز بلند کرنے کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو خدشہ ہے کہ چار لیبر کوڈ ان کے حقوق کو کمزور کر دیں گے ۔ اسی طرح کسانوں کو اندیشہ ہے کہ تجارتی معاہدہ ان کی روزی روٹی پر ضرب لگائے گا اور منریگا کو کمزور یا ختم کرنے سے گاؤں کا آخری سہارا بھی چھن سکتا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ جب ان کے مستقبل سے متعلق فیصلے کیے گئے تو ان کی آواز کو نظرانداز کیا گیا۔