حیدرآباد /23 اپریل (سیاست نیوز) کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں شہر میں پھنسے بین ریاستی مزدوروں میں اجناس کی تقسیم پر بھی سیاست کی جارہی ہے ۔ اسی قسم کا ایک واقعہ صنعت نگر الہ پور ڈیویژن میں پیش آیا جس میں مقامی ٹی آر ایس لیڈر پر روڈی شیٹر نے حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ الہ پور ڈیویژن ٹی آر ایس لیڈر معز پر صنعت نگر روڈی شیٹر رحیم نے آج دوپہر بیٹ سے حملہ کردیا ۔ معز کی جانب سے مزدوروں میں اجناس کی تقسیم پر وہاں کے ایک مقامی لیڈر محمد نے اعتراض کیا جس کی مدد کیلئے روڈی شیٹر پہونچ گیا اور ٹی آر ایس لیڈر کی بیٹ سے پٹائی کردی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی اور معز کو وہاں کے مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا اور روڈی شیٹر کے خلاف پولیس اسٹیشن صنعت نگر میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔