مزدوروں کی آبائی مقامات واپسی سے ہوٹل صنعت شدید متاثر

   

Ferty9 Clinic

بیشتر کی واپسی کے امکانات موہوم ، 60 فیصد ریستوران کے بند ہونے کا اندیشہ
حیدرآباد۔19مئی (سیاست نیوز) ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد 60فیصد سے زیادہ ریستوراں بند ہوجائیں گے کیونکہ ملک بھر میں چلائے جانے والی ریستوراں میں 50 فیصد ریستوراں کرایہ کی عمارتو ںمیں چلائے جاتے ہیں اور اور مابقی 50 فیصد ریستوراں ایسے ہوتے ہیں جہاں مقامی عملہ سے زیادہ غیر مقامی عملہ برسر خدمت ہوتا ہے۔بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے مزدوروں میں ریستوراں صنعت سے تعلق رکھنے والا مزدور طبقہ بھی شامل ہے جو اپنے آبائی مقام کو واپس ہوا ہے اور اب جو مزدور واپس ہوئے ہیں ان میں 60تا70 فیصد مزدور طبقہ کی دوبارہ اسی مقام پر واپسی کے امکانات موہوم نظر آرہے ہیں کیونکہ جن حالات میں ان لوگوں نے مقام چھوڑا ہے اور اب بھی روانہ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اس مقام کو وہ دوبارہ واپس نہ ہونے کا بھی ذہن بنانے لگے ہیں۔ ریستوراں صنعت کو ہونے والے نقصانات میں مزدوروں کے جانے سے ہونے والا نقصان اور اس سے زیادہ رعایت کے دوران بھی انہیں رعایت نہ دیئے جانے کا فیصلہ ہے ۔ حکومت کی جانب سے ریستوراں کو نہ کھولنے کے فیصلہ کے متعلق کہاجا رہاہے کہ حکومت نے ریستوراں کے لئے نئے رہنمایانہ خطوط کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے اور ان رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کے ساتھ ہی ریستوراں کی کشادگی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق رہنمایانہ خطوط اور مزدوروں کی عدم دستیابی کے علاوہ بھاری کرایوں کے سبب ملک بھر میں موجود ہوٹلوں میں 60 فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی جائے گی جو کہ بند ہوجائیں گی کیونکہ رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کے لئے ان کے پاس درکار جگہ اور مقام نہیں ہوں گے اور وہ سہولتیں فراہم نہیں کی جاسکیں گی۔شہر کے مصروف ترین تجارتی علاقوں میں موجود ہوٹلوں کے بھاری کرایوں میں کمی کیلئے مالکین جائیداد پر دباؤ ڈالا جانے لگا ہے اور کہا جار ہا ہے کہ اگر مالکین جائیدا کرایوں میں کمی نہیں کرتے ہیں تو ایسی صور ت میں ریستوراں خالی کردی جائے گی ۔ مالکین جائیداد ان ریستوراں مالکین کے مطالبہ کو قبول کرنے کیلئے مجبور ہوتے جارہے ہیں کیونکہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ اگر موجودہ کرایہ دار خالی کردیگا تو ایسی صورت میں نئے کرایہ دار کو جگہ کی حوالگی انتہائی مشکل امر ہوگی ۔ ریستوران مالکین کا کہناہے کہ اگر حکومت کی جانب سے ریستوراں کی کشادگی کی اجازت فراہم کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں انہیں اپنے کاروبار اور عوامی رجحان کا جائزہ لینے میں آسانی ہوگی اور وہ اپنی تجارت کا سلسلہ جاری رکھنے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کو قطعیت دے سکتے ہیں۔