کریم نگر میں متعدد اقسا م کے طبی جانچ کی سہولت ،ریاستی وزیر گنگولا کملاکرکا خطاب
کریم نگر۔/3 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ حکومت کی جانب سے مزدوروں کی بہبود و صحت مند زندگی کے گذارے کیلئے ٹھوس اقدام کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائیز گنگولا کملاکر نے یہ بات کہی ۔ تلنگانہ بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن لیبر ویلفیر بورڈ نے چہارشنبہ جیوتی نگر میں ایک مفت ٹیسٹنگ لیاب کا ریاستی وزیر گنگولا کملاکر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لایا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ مزدوروں کی بھلائی کے پیش نظر ریاستی حکومت آزادانہ طور پر مزدوروں کا مفت طبی معائنہ کیلئے لیاب کا قیام عمل میں لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لیاب میں ممبئی سی ایس سی ہیلتھ کیئر کے زیراہتمام 19 اقسام کے جملہ 140 ٹیسٹ مفت کئے جائینگے۔لیبرکارڈ اور آدھار کارڈ کے حامل مزدور راست لیاب پہنچ کر ٹیسٹ کرواسکتے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں جملہ 7 لیاب کا آغاز کیا جارہاہے۔ ضلع کریم نگر میں آغاز کردہ لیاب میں کریم نگر کے علاوہ جگتیال ، راجنا سرسلّا، منچریال، سدی پیٹ، آصف آباد اضلاع کے مزدوروں کی طبی جانچ کی جائیگی ۔انہوں نے مزید کہا کہ کریم نگر ضلع میں ایک لاکھ مزدوروں کی شناخت کی گئی ۔ انہوں نے مزدوروں کو لیبر کارڈ کیلئے اپنے ناموں کے اندراج کی صلاح دی۔ عہدیداروں کومزدوروں کے ناموں کے اندراج کے لیے خصوصی کیمپ کے انعقاد کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہر کارکن کے نام پر ہیلتھ پروفائل تیار کی جائے۔لیاب میں روزانہ تقریباً 3500 ٹسٹ کے اہتمام کی ہدایت دی۔ وزیر موصوف نے مرض کی تشخیص کے بعد بہترطبی علاج کی فراہمی کیلئے سرکاری دواخانے سے رجوع کرنے کی طبی عملے کوہدایت دی۔ اس موقع پر میئر وائی سنیل راؤ، ضلع کلکٹر آر وی کرنن، لیبر ڈپٹی کمشنر رمیش بابو، ڈاکٹروں و دیگر نے شرکت کی۔