آئندہ ریاست میں بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی، سماج کے تمام طبقات سے انصاف کیا جائے گا
حیدرآباد : یکم مئی ( سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کہا کہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے مزدوروں کے علاوہ سماج کے تمام طبقات کو جھوٹے وعدوں کے ذریعہ ہتھیلی میں جنت دکھائی ہے جب عمل آوری کرنے کا وقت آیا تو کے چندر شیکھر پر ریاست کو مقروض کردینے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ تلنگانہ بھون میں آج کویتا نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مئے ڈے کے موقع پر مزدوروں کو مبارکباد پیش کی اور حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ناکام ہوگئے ہیں ۔ اندراماں حکومت میں سماجی انصاف کے نعرے کو پوری طرح فراموش کردیا گیا ہے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا گیا ، نئی نئی فلاحی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے اُس پر صدفیصد عمل آوری کی گئی ۔ مختصر عرصہ میں ریاست تلنگانہ ملک کیلئے مثالی ریاست میں تبدیل ہوگئی ۔ ریاست کا ہر شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن تھا ۔ ریاست کی فی کس آمدنی میں زبردست اضافہ ہوگیا ، اضلاع کے اعتبار سے ضلع رنگاریڈی فی کس آمدنی 8لاکھ روپئے تھی تو ضلع وقارآباد کی فی کس آمدنی ایک لاکھ 58ہزار روپئے تھی ۔ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کے سی آر حکومت نے فی ایکڑ اراضی کو 10ہزار روپئے کی سرمایہ کاری کی ، تاہم زمین نہ رکھنے والے کسانوں کی بی آر ایس کے دور حکومت میں کوئی مدد نہیں کی جاسکی لیکن کانگریس پارٹی نے بے زمین زرعی مزدوروں کو بھی سالانہ 10 ہزار روپئے مالی امداد دینے کا وعدہ کیا ، کانگریس حکومت کے 16ماہ مکمل ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک اپنے وعدہ کو پورا کرنے میں ریونت ریڈی حکومت ناکام ہوگئی ۔ یہی نہیں خواتین سے بھی کانگریس پارٹی نے انتخابی منشور کے ذریعہ ڈھیر سارے وعدے کئے ، انہیں ماہانہ 2500روپئے کی مالی امداد دینے کا وعدہ کیا گیا ، کالج کے لڑکیوں کو اسکوٹی دینے کا وعدہ کیا گیا تھا ، شادی مبارک ، کلیانہ لکشمی اسکیم کے تحت دی جانے والی مالی امداد کے ساتھ دلہن کو ایک تولہ سونا تحفہ میں دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن ان وعدوں میں ایک وعدہ کو بھی پورا نہ کرتے ہوئے مزدوروں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی دھوکہ دیا گیا ۔ کویتا نے مزدوروں کو یقین دلایا کہ آئندہ ریاست میں بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی اور مزدوروں کے ساتھ ساتھ سماج کے تمام طبقات کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا ۔ 2