ریاستیں مائیگرنٹ ورکرس کی مشکلات دُور کرنے میں مدد کریں:مرکزی وزارت ِ داخلہ
نئی دہلی۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ مختلف مقامات پر پھنسے اپنے مہاجر مزدوروں کی آسان آمدورفت کے لئے وزارت ریلوے کے ساتھ بہتر تال میل قائم کریں اور اسپیشل ٹرینوں کے انتظامات کریں۔مرکزی داخلہ سکریٹری نے ریاستوں کے وزرائے اعلی کو لکھے خط میں کہاکہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے خوف اور روزی روٹی چھن جانے کے اندیشہ کے پیش نظر مزدور اپنے گھر جانے کے لئے بے چین ہیں۔ ریاستوں کو انکی مشکلات دور کرنے کے لئے مرکز کے ساتھ تال میل پر بھی زور دینا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستوں اور وزارت ریلوے کے مابین بہتر تال میل قائم کرکے کئی مزید اسپیشل ٹرینیں چلائی جانی چاہئیں۔ بسوں کی تعدادمیں بھی اضافہ کیا جانا چاہے اور ان بسوں کو انٹر اسٹیٹ بارڈر پر داخلہ کی اجازت ہونی چاہئے ۔مزدوروں کا دل افواہوں کی وجہ سے بے چین ہے اس لئے ٹرینوں اور بسوں کی روانگی کے بارے میں واضح معلومات دی جانی چاہئے ۔ ریاستوں کے پیدل جارہے مہاجرین کے لئے صفائی ستھرائی، کھانا اور صحت سہولیات کے مناسب انتظامات کرنے چاہئیں۔ ضلع مجسٹریٹ پیدل جارہے مزدوروں کو ٹرانسپورٹ کے لئے انہیں بتائے گئے مقامات، نزدیک کے بس ٹرمنلوں یا ریلوے اسٹیشنوں پر لے جاسکتے ہیں۔ مہاجر مزدوروں میں شامل خواتین، بچوں اور بزرگوں کی خاص ضرورتوں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے ۔خط میں دہرایا گیا ہے کہ ضلع مجسٹریٹ یہ یقینی کریں کہ کسی بھی مہاجر کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لئے مجبور ہوکر سڑکوں یا ریلوے کی پٹریوں پر چلنے کی ضرورت نہ پڑے ۔ وہ ضرورت کے مطابق ٹرینوں کو چلانے کے لئے وزارت ریلوے سے درخواست کرسکتے ہیں۔