مزدوروں کی واپسی کا آغاز ‘ جھارکھنڈ کیلئے پہلی ٹرین روانہ

,

   

دیگر ریاستوں سے اپنے باشندوں کو واپس بلانے خصوصی ٹرین کا انتظام کرنے کی خواہش
حیدرآباد یکم مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں گذشتہ 40یوم سے پھنسے بیرون ریاست کے مزدوروں کو ان کے اپنے آبائی مقامات روانہ کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور آج صبح کی اولین ساعتوں میں پہلی ٹرین لنگم پلی اسٹیشن سے جھارکھنڈ مزدورووں کو لیکر روانہ ہوئی ہے اور 72 نشستوں پر مشتمل بوگی میں 56افراد کو نشستیں فراہم کی گئی ہیں اور انہیں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی تاکید اور رہنمایانہ خطوط کے ساتھ روانہ کیا گیا ۔ شہر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں پھنسے بیرون ریاست کے مزدوروں کی روانگی کے سلسلہ میں اقدامات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ مہاراشٹرا‘ بہار‘اوڈیشہ ‘ اترپردیش کی جانب سے بھی ان کے مزدوروں کو واپس روانہ کرنے کی حکومت کو خواہش موصول ہوئی ہے اور مرکزی حکومت کی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد گذشتہ 40یوم سے جو اپنے مقامات پرپھنسے تھے ان مسافرین کو بھی اپنے مکان کی سمت روانہ ہونے کی سبیل نکل آئی ہے۔ مسٹر ارون کمار ڈی جی ریلوے پروٹیکشن فورس نے بتایا کہ تلنگانہ سے مزدوروں کو لیکر روانہ پہلی ٹرین کی روانگی کے بعد مزید 12ہزار 500 مزدوروں کو ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ روانہ کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور روانگی کے آغاز کے بعد سے توقع ہے کہ دیگر ریاستوں کے تعاون کے ساتھ انہیں ان کے آبائی مقام تک پہنچانے میں سہولت ہوگی کیونکہ ملک بھر میں مختلف مقامات پر پھنسے مزدوروں کی جانب سے آبائی مقامات کیلئے پیدل سفر کی بھی اطلاعات موصول ہونے لگی تھیں اور شہر سے بھی ہزاروں مزدور پیدل سفر شروع کرچکے تھے ۔

اوڈیشہ کے مزدوروں کی بڑی تعداد سیکل کے ذریعہ اپنے
مواضعات کیلئے روانہ ہونے لگی تھی اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے مزدوروں کی منتقلی کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرکے انکی روانگی کو یقینی بنانے کی چیف سیکریٹریز کو ہدایات جاری کی تھی جن پر آج سے عمل آوری کی جانے لگی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مغربی بنگال ‘ راجستھان‘ مدھیہ پردیش کے علاوہ دیگر ریاستوں سے بھی خواہش کی گئی کہ وہ اپنے مزدوروں کی واپسی کو یقینی بنانے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کریں تاکہ ان کی واپسی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ پرانے شہر اعظم پورہ میں واقع وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کے مکان پر 500 بنگالی مزدوروں نے پہنچ کر ان سے ملاقات کی کوشش کی لیکن ان کی ملاقات نہیں ہوسکی کیونکہ ریاستی وزیر منسٹرس کوارٹرس میں قیام پذیر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مزدوروں کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ وزیر داخلہ جمعہ کو اپنی پرانے شہر کی قیامگاہ میں ہوتے ہیں لیکن ان مزدوروں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔