مزدوروں کی واپسی کیلئے آج سے 40 خصوصی ٹرینیں

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر کے سی آر کا فیصلہ ۔ بہار ‘ اوڈیشہ ‘ جھارکھنڈ و بنگال کے مزدوروں کی واپسی ہوگی

حیدرآباد 4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں پھنسے ہوئے بیرونی ریاستوں کے مزدوروں کو منگل سے ان کی آبائی ریاستوں کو روانہ کرنے کا عمل شروع کیا جائگیا ۔ کے سی آر نے اعلان کیا کہ ان مزدوروں کی روانگی کیلئے یومیہ 40 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں مختلف اسٹیشنوں سے یہ ٹرینیں چلائی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ ورنگل ‘ کھمم ‘ دمارا چرلہ اور دوسرے مقامات سے بھی ٹرینیں چلائی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان ٹرینوں کے ذریعہ بہار ‘ اوڈیشہ ‘ جھارکھنڈ ‘ مغربی بنگال اور دوسری ریاستوں کو ان کے مزدور واپس روانہ کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے تارکین وطن مزدوروں کو لاک ڈاون کی وجہ سے ہونے والی مشکلات کا ایک اجلاس میںجائزہ لیا ۔ اجلاس میں وزیر صحت ایٹالہ راجندر ‘ چیف سکریٹری سومیش کمار ‘ ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مزدوروں کی جانب سے اپنی آبائی ریاستوں کو جانے کی خواہش کے اظہار کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف منسٹر نے فیصلہ کیا کہ تارکین وطن مزدوروں کی واپسی کو یقینی بنانے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی ۔ چیف منسٹر نے ساوتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل مینیجر گجانن مالیہ سے بات کی اور ان سے خواہش کی کہ وہ منگل سے 40 خصوصی ٹرینوں کا انتظام کریں۔ ریاستی حکومت نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار سندیپ سلطانیہ اور سینئر آئی پی ایس عہدیدار جتیندر ریڈی کو مائیگرنٹ مزدوروں کے سفر کی نگرانی کیلئے ذمہ داری سونپی ہے ۔ یہ ورکرس اپنے متعلق پولیس اسٹیشنوں میں پہلے ہی ناموں کا اندراج کرواچکے ہیں اور انہیں خصوصی ٹرینوں سے واپسی کی سہولت دی جائے گی ۔ سفر کی تفصیلات متعلقہ پولیس اسٹیشن سے فراہم کی جائیں گی ۔ چیف منسٹر نے مزدوروں کو تیقن دیا کہ وہ پریشان نہ ہوں کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے سفر کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ متلعقہ پولیس عہدیدار ان مزدوروں کو ان کے سفر کی تفصیلات سے واقف کروائیں اور ان کی درکار مدد کریں۔