مزدوروں کے بچوں کیلئے پانچ سو پالنا گھر:ریکھا گپتا

   

نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو مزدوروں اور محنت کش بہنوں کے ننھے بچوں کی بہتر پرورش کیلئے 500 پالنا گھر جلد قائم کرنے کا اعلان کیا۔شریمتی گپتا نے وِشوَکَرمَا دیوس کے موقع پر منعقدہ پروگرام کے دوران کہا کہ مزدوروں اور محنت کش بہنوں کے چھوٹے چھوٹے بچوں کی بہتر پرورش کیلئے 500 پالنا گھر جلد قائم کیے جائیں گے ۔ یہ پہل خاص طور پر ہماری محنت کش وِشوَکَرمَا ماؤں کیلئے بڑا سہارا بنے گی۔ ان پالنا گھروں سے جہاں بچوں کو غذا اور دیکھ بھال ملے گی، وہیں ماؤں کی روزی روٹی بھی محفوظ رہے گی۔انہوں نے کہا، ‘وِشوَکَرمَا دیوس جسے ہم سب کل منانے والے ہیں، آج اس کی شروعات ہم نے اس پروگرام سے کی ہے ۔ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں اپنے وِشوَکرمی بھائیوں کے درمیان پہنچی ہوں۔ آپ سب کو میری جانب سے ڈھیروں نیک تمنائیں اور مبارکباد۔ زندگی میں آپ کی محنت، ایمانداری اور لگن ہی آپ کو آگے لے جائے گی۔’انہوں نے کہا کہ مزدور بھائی اور بہنوں کی محنت اور لگن کے بغیر کسی بھی ریاست کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔ انجینئر منصوبہ بنا سکتا ہے ، مالک سرمایہ لگا سکتا ہے ، حکومت اجازت دے سکتی ہے لیکن عمارت کو کھڑا کرنے والا مزدور ہی اصل معمار ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ہمیشہ غریب فلاح کی بات کرتے ہیں اور اسے عملی جامہ بھی پہناتے ہیں۔