مزدوروں کے حادثات ، ہلاکتوں کا سلسلہ جاری

   

بہار میں 9 اور مہاراشٹرا میں 4 مائیگرنٹ ورکرس کی موت
بھاگلپور / ممبئی ۔ 19 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مائیگرنٹ ورکرس کے سڑک حادثات اور ان کی اموات کا سلسلہ آج جاری رہا جب بہار کے بھاگلپور ضلع میں 9 اور مہاراشٹرا کے ضلع یوت محل میں چار مزدور ہلاک ہوگئے۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن ملک میں سب سے زیادہ مائیگرنٹ ورکرس کیلئے جان لیوا ثابت ہورہا ہے ۔ ایک دو ہفتے مائیگرنٹس جہاں پھنس گئے تھے، وہیں رکے رہیںلیکن اس کے بعد سے ان کے پاس نہ کام رہا نہ کھانے پینے کے وسائل ۔ حالات سے پریشان ورکرس اپنے آبائی دیہات کی طرف چل پڑے جس کو جو ٹرانسپورٹ دستیاب ہوا ، اسے اختیار کیا اور بقیہ پیدل یا سیکلوں پر ہی روانہ ہوگئے ۔ خاص طور پر شاہراہوں پر حادثات میں مائیگرنٹ ورکرس کی موت ہوئی۔ ایک بڑا حادثہ اترپردیش کے اوریا میں گزشتہ ہفتے پیش آیا جہاں تقریباً تین درجن ہلاکتیں ہوئیں۔ آج بھاگلپور میں ایک ٹرک جس میں مزدور سوار تھے، بس کے ساتھ تصادم کو ٹالنے کی کوشش میں الٹ گیا ۔ پولیس نے کہا کہ اس حادثہ میں تمام مرد ورکرس ہلاک ہوئے ۔ یوت محل میں مزدوروں کی بس نے ایک ٹرک کو ٹکر دے دی جو سڑک کے کنارے کھڑا تھا۔ تین مزدور اور بس ڈرائیور ہلاک ہوئے جبکہ 22 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

مزدوروں کی زبوں حالی پر جمعہ کو سونیا گاندھی کی اپوزیشن میٹنگ
اس دوران صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اپوزیشن میٹنگ جمعہ 22 مئی کو طلب کی ہے تاکہ کورونا وائرس لاک ڈاون اور اس بحران سے نمٹنے میں حکومت کے طریقہ کار کے سبب مائیگرنٹ ورکرس کی زبوں حالی پر غور و خوض کیا جا سکے ۔ حکومت کے معاشی پیاکیج پر بھی غور کیا جائے گا ۔ 17 اپوزیشن پارٹیوں نے میٹنگ میں حصہ لینے سے اتفاق کیا۔