اونچی آواز میں میوزک پر اعتراض ، نارسنگی پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /8 اگست ( سیاست نیوز ) نارسنگی پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں مزدوروں کے درمیان جھڑپ میں ایک مزدور ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بہار سے تعلق رکھنے والا نیرج کمار ملازمت کیلئے 25 جولائی کو شہر پہونچا تھا اور 31 جولائی کو اس نے وِپرو لیبر کیمپ میں مزدوری کرنا شروع کیا ۔ اسی دوران کل نیرج کمار نے اپنے ہی آبائی مقام سے تعلق رکھنے والے شُبھم کمار اور دیگر کے ہمراہ اپنے لیبر کیمپ میں زور و شور سے گانے سن رہا تھا ۔ اس گانے بجانے کے خلاف بہار سے تعلق رکھنے والے دیگر مزدور راجو ، پرساد اور ان کے دیگر ساتھیوں نے اُونچی آواز میں میوزک سسٹم چلانے پر اعتراض کیا اور اسے روک دینے کیلئے کہا ۔ لیکن نیرج کمار اور اس کے ساتھیوں نے انکار کردیا جس پر دونوں گروپ میں تصادم ہوگیا اور راجو اور اس کے ساتھیوں نے نیرج کمار اور دیگر پر لاٹھیوں اور آہنی سلاخوں سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا ۔ زخمی نیرک کمار کو مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ نارسنگی پولیس نے اس سلسلے میں ایک قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔
