تمام محکموں کو مشترکہ طور پر خدمات کی ہدایت، ضلع کلکٹر کا خطاب
میدک۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک میں پہلے مرحلہ کی پولنگ مختلف شعبہ جات کی بہتر ہم آہنگی اور ٹیم ورک کے باعث نہایت پرسکون، شفاف اور کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچی۔ ضلع الیکشن آفیسر و کلکٹر راہول راج نے جمعہ کو ایم پی ڈی اوز، تحصیلداروں اور دیگر پولنگ عہدیداروں کے ساتھ گوگل میٹنگ کے ذریعہ دوسرے اور تیسرے مراحل کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کلکٹر نے کہا کہ تمام محکموں نے اشتراک کے ساتھ فرائض انجام دیئے، جس سے پہلے مرحلہ کی پولنگ بخوبی مکمل ہوئی۔ انہوں نے خاص طور پر محکمہ تعلیم کے ان اساتذہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بڑے پیمانے پر پولنگ کے عمل میں حصہ لیتے ہوئے ضلع پنچایت شعبہ کی جانب سے تعاون کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دوسرے اور تیسرے مرحلہ کی پولنگ کیلئے ڈسٹری بیوشن سنٹروں کی منظم نگرانی کی جائے، چیک لسٹ کے مطابق انتخابی مواد کی تقسیم ہو، اور تمام پولنگ مراکز پر بنیادی سہولتیں فراہم رکھی جائیں۔ کلکٹر نے کہا کہ ووٹرز سے متعلق رہنمائی پولنگ عملہ کی ذمہ داری ہے اور ہر رپورٹ مکمل معلومات کے ساتھ تیار کی جائے۔ کلکٹر نے کہا کہ تحصیلدار، ایم پی ڈی او اور منڈل کے خصوصی عہدیدار باہمی رابطہ کے ساتھ کام کریں تاکہ باقی مراحل کی پولنگ بھی پرامن و منظم فضا میں منعقد ہوسکے۔
