جئے پور، گوہاٹی، تھرواننتاپورم ایرپورٹس کیلئے 50 سالہ لیز ، مرکز کا فیصلہ
نئی دہلی: ایئرپورٹس کو خانگیانے کے عمل کو وسعت دیتے ہوئے مزید تین طیرانگاہوں کو پبلک ۔ پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے ذریعے نجی ہاتھوں میں دیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں کابینی اجلاس میں تین ایئر پورٹس کے پرائیویٹائزیشن پر بھی مہر لگائی گئی ہے۔ مرکزی کابینہ نے جے پور، گوہاٹی اور ترواننتاپورم ایئر پورٹس کو ’’پی پی پی‘‘ ماڈل کے تحت لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایئرپورٹ 50 سال کیلئے لیز پر دیئے جائیں گے۔ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کابینی فیصلوں کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس سے 1,070 کروڑ روپئے حاصل ہوں گے۔ اس رقم کا استعمال ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا چھوٹے شہروں میں ایئر پورٹ بنانے پر کرے گی۔ نیز مسافروں کو بھی کئی سہولیات دستیاب کرائے گی۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال پی پی پی ماڈل کے تحت آپریٹنگ، نظم اور ترقی کیلئے لکھنو، احمد آباد، جے پور، منگلورو، ترواننتاپورم اور گوہاٹی میں ہوائی اڈوں کو خانگیانے کا فیصلہ کیا تھا۔ باور کیا جارہا ہے کہ ایئر پورٹ لیز پر دینے سے خانگی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ ایئرپورٹ کا انتظام چلانے میں جاری نقصان میں کمی ہوگی۔