مزید ٹسٹ ہماری ٹیم کو مضبوط کریں گے: پرتیکا راول

   

نئی دہلی، 17 مارچ (پی ٹی آئی) ہندوستان ویمنزکرکٹ ٹیم کی اوپننر پرتیکا راول نے ویمنز کرکٹ میں زیادہ ٹسٹ میچز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی فارمیٹ اب بھی کرکٹر کے کردار کا اصل امتحان اور سب سے خوبصورت کھیل ہے۔25 سالہ پرتیکا راول نے حال ہی میں آسٹریلیا ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں انہوں نے دوسری اننگز میں137گیندوں پر 63 رنز بنا کر ٹیم کو اننگزکی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جتنا زیادہ ٹسٹ کرکٹ کھیلی جائے گی، اتنا ہی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا اور ٹیم مزید مضبوط ہوگی۔ پرتیکا راول نے نئی دہلی میں اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن آف انڈیا کی کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹسٹ کرکٹ ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے اور یہ فارمیٹ کھلاڑی کی تکنیک، صبر اور ذہنی مضبوطی کو جانچتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ویمنز کرکٹ میں ٹسٹ میچزکی تعداد بڑھانے سے نہ صرف کھیل کا معیار بلند ہوگا بلکہ کھلاڑیوں کو اپنی مکمل صلاحیتیں دکھانے کا بہتر موقع بھی ملے گا۔

راناکاآئی پی ایل کے بیشتر میچز سے باہر رہنے کا امکان
کولکاتا، 17 مارچ (پی ٹی آئی) کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو آئندہ انڈین پریمیئر لیگ سیزن سے قبل بڑا دھکا لگا ہے، کیونکہ فاسٹ بولر ہرشیت رانا گھٹنے کی تکلیفکے باعث ٹورنمنٹ کے بیشتر حصے سے باہر رہ سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہرشیت رانا نے گزشتہ ماہ گھٹنے کی سرجری کروائی تھی اور وہ تاحال مکمل فٹنس حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے ابھی تک ان کی واپسی کے لیے کوئی حتمی ٹائم لائن طے نہیں کی ہے۔یہ زخم انہیں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کے وارم اپ میچ کے دوران جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے لاحق ہوئی تھی، جس میں ان کے دائیں گھٹنے کے لیگامنٹ کو نقصان پہنچا تھا۔فی الحال ہرشیت رانا ری ہیبلیٹیشن کے مرحلے سے گزر رہے ہیں اور بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان کی فٹنس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم ان کی واپسی کے حوالے سے کوئی واضح تاریخ سامنے نہیں آئی۔ہرشیت راناکی عدم موجودگی میں کولکاتا نائٹ رائیڈرزکو اپنی بولنگ لائن اپ میں توازن قائم کرنے کے لیے متبادل حکمت عملی اپنانا پڑ سکتی ہے، جو ٹیم کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ یادرہے کہ رانا کو کے کے آر کے بولنگ شعبہ کے اہم ستون تصور کئے جاتے ہیں جبکہ لوور آرڈر میں ان کی بیٹنگ بھی ٹیم کیلئے اہم ہوتی ہے ۔