نئی دہلی : ملک میں طیاروں پر بم کی افواہوں کا سلسلہ رک نہیں پارہا۔ 3 دن قبل محض دو دن میں بارہ پروازوں پر بم کی اطلاع دینے والی کالز موصول ہوئی تھیں۔ ہفتہ کو صرف 24 گھنٹے میں 14 پروازوں پر بم کی افواہ نے حکام کا ناک میں دم کردیا۔ دہلی سے لندن جانے والی وِستارا ایئر لائن کی ایک پرواز کا رخ موڑ کر جرمن شہر فرینکفرٹ میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ دبئی آنے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی ایک پروز کو جے پور میں لینڈنگ کرواکے جامع تلاش لی گئی۔ محض 24 گھنٹوں کے دورا چودہ پروازوں پر بم کی افواہ نے حکام کو پریشان کردیا ہے۔ کئی ایئر پورٹ پر ہنگامی حالت نافذ کرنا پڑی۔ ہنگامی لینڈنگ سے ایک طرف تو ایئر لائن کے اخراجات میں اضافہ ہوا اور دوسری طرف مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈیگو اور آکاسا ایئر لائن کی پانچ پانچ پروازوں کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکی ملی۔ وستارا ایئر لائن کی تین پروازوں کو دھمکی دی گئی۔ ہفتہ کی صبح وستارا ایئر لائن کی تینوں انٹرنیشنل پروازوں کو فون کال کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔ ایئر لائن نے متعلقہ حکام کو خبردار کردیا۔ ہنگامی لینڈنگ اور جامع تلاشی کے بعد بم کی اطلاعات محض افواہ ثابت ہوئیں۔