حیدرآباد و سکندرآباد کیلئے محکمہ موسمیات کا آرینج الرٹ ۔ عوام کو احتیاط کا مشورہ ۔ بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کی تلقین
حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ دونوں شہروں میں آئندہ دو یوم کیلئے بارش سے راحت کے آثار نہیں ہے بلکہ محکمہ موسمیات نے دونوں شہروں کیلئے آرینج الرٹ جاری کرکے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ موسم باراں میں احتیاط کے اقدامات کریں تاکہ مسلسل بارش کے دوران کسی بھی طرح کے حادثات سے محفوظ رہا جاسکے۔ شہر حیدرآباد میں گذشتہ 48 گھنٹوں سے مسلسل ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو بھی مسلسل بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہرو ںمیں آئندہ 48گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ۔ شہر کے علاوہ کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 48 گھنٹوں سے جاری ہلکی اور اوسط بارش کے بعد اب دونوں شہروں میں آئندہ 48گھنٹوں میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں اسی لئے نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی جا رہی ہے ۔شہر میں مسلسل بارش سے حسین ساگر کی سطح آب میںاضافہ ہوا ہے اور وہ لبریز ہوگیا ہے اور محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے حسین ساگر سے پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا ۔ پانی کی نکاسی کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور نشیبی علاقو کے عوام کو منتقل کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اتوار کو تعطیل کے باوجودشہر کے تفریحی مقامات پر بارش کے نتیجہ میں کوئی گہما گہمی نہیں رہی کیونکہ مسلسل بارش سے شہریوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی اور گذشتہ یوم بھی بارش سے بیشتر اسکولوں میں طلبہ کی تعداد نصف سے بھی کم رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق چھتیس گڑھ سے ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب تلنگانہ اضلاع پر مرتب اثرات کے نتیجہ میں اتوار کی رات دیر گئے مسلسل بارش کے امکانات ہیں اور اگر ہوا کے دباؤ میں کمی میں شدت پیدا ہوتی ہے تو بیشتر اضلاع اور حیدرآبادو سکندرآباد میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جن اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا ہے ان میں کمرم بھیم آصف آباد‘ منچریال‘ جگتیال ‘ جئے شنکر بھوپل پلی‘ ملوگو‘ بھدادری کتہ گوڑم‘ کھمم‘ محبوب آباد‘ ورنگل اور ہنمکنڈہ شامل ہیں۔ محکمہ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں بھی ان علاقوں و شہر میں بارش ہوگی اسی لئے عوام کو بلا ضرورت شدید اپنے گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ دیا۔3
بارش سے کوئلہ کی پیداوارمتاثر
حیدرآباد21جولائی(یواین آئی) منچریال میں شدید بارش سے کوئلے کی پیداوار میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے ، حکام کا کہنا ہے کہ کانوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے پیداوار میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے ۔ اس کی وجہ سے سنگارینی کالریز کمپنی کو 15 کروڑ کا نقصان ہوا ہے ۔