اندرون دو سال 11 میڈیکل کالجس کا قیام، 1650 نشستیں دستیاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مزید چار میڈیکل کالجس قائم کرنے کیلئے حکومت کمربستہ ہوگئی ہے ۔ آئندہ تعلیمی سال سے ریاست میں سات نئے میڈیکل کالجس قائم ہورہے ہیں ۔ آئندہ سال انتخابات سے قبل مزید چار نئے کالجس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کو چیف منسٹر کے سی آر نے منظوری دے دی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وقار آباد ، سرسلہ ، بھوپال پلی ، کاما ریڈی میں چار نئے گورنمنٹ کالجس قائم کرنے کا چیف منسٹر نے فیصلہ کیا ہے ۔ فی الحال ریاست میں 9 گورنمنٹ کالجس ہیں، حال ہی میں 7 نئے میڈیکل کالجس سنگا ریڈی ، محبوب آباد ، منچریال ، ونپرتی ، بھدرادری ، کتہ گوڑم ، جگتیال اور ناگر کرنول میں قائم کئے جا رہے ہیں۔ اس طرح ریاست میں جملہ 11 گورنمنٹ جونیئر کالجس قائم ہورہے ہیں۔ صرف 2 سال کے دوران ریاست میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس کی تعداد دوگنی ہورہی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایٹالہ راجندر کی برطرفی کے بعد وزارت صحت کا قلمدان چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے پاس رکھا ہے جس کی وجہ سے چیف منسٹر محکمہ صحت پر خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان 11 کالجس کے ذریعہ ریاست میں آئندہ دو سال کے دوران 1650 نئے ایم بی بی ایس کی نشستیں حاصل ہوں گی ۔ N