مسئلہ کشمیر پر عمران خان کی ٹرمپ سے بات چیت

,

   

سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث میں مستقل ارکان کو اعتماد میں لینے کی کوشش

اسلام آباد ۔16 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اُنھوں نے ٹیلی فون پر امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے بات کی ہے جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی جانب سے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کے تنسیخ پر اہم اجلاس منعقد کیا جارہا ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ سے اس مسئلہ پر بات چیت کرتے ہوئے بالخصوص اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرس میں سلامتی کونسل کے منعقد شدنی اجلاس کے ضمن میں اُنھیں (ٹرمپ) اپنے اعتماد میں لینے کی کوشش کی ہے ۔ سرکاری ریڈیو پاکستان نے شاہ محمود قریشی کے حوالے سے کہا کہ ’’وزیراعظم عمران خان نے کشمیر میں رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر پاکستان کی گہری تشویش سے واقف کروایا ہے ۔ علاوہ ازیں اس علاقہ کو لاحق خطرات کا تذکرہ بھی کیا ہے ‘‘۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں قائدین (ٹرمپ اور عمران خان ) کے درمیان ’خوشگوار ماحول ‘ میں بات چیت ہوئی ۔ دونوں نے مسئلہ کشمیر پر ایک دوسرے کے رابطہ میں رہنے سے اتفاق کیا ہے ۔ دونوں قائدین نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم خان نے کہاکہ افغانستان میں امن کی بحالی کیلئے پاکستان تعمیری کردار ادا کررہاہے ۔ اُس کی یہ مساعی ماضی میں کی گئی تھی اور مستقبل میں بھی جاری رہے گی ۔ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک کے منجملہ چار سے رابطہ پیدا کیا ہے اور اب وہ فرانس کے صدر سے رابطہ کی کوشش میں ہیں تاکہ اُن کے ملک کو ہمارے موقف سے واقف کروایا جاسکے ۔