مسئلہ کشمیر پر مسلم ممالک کی تنظیم او ای سی نے بلایا ہنگامی اجلاس، ہندوستان کے فیصلہ کو بتایا عالمی قوانین کے خلاف

,

   

کشمیر کا خصوصی درجہ اور آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بعد مسلم ممالک کی سب سے بڑی تنظیم تعاون اسلامی(او آئی سی ) نے ہنگامی اجلاس طلب کیاہے ۔ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی اقدامات سے خطے میں امن پر خطرات منڈلا رہے ہیں ، آرٹیکل 370 کا خاتمہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ہندوستان کی جانب سے جموں و کشمیر میں کئے گئے اقدامات جنوبی ایشیا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو مزید خراب کرنے کے مترادف ہے، منگل کوبھارت کی طرف سے جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت متعین کرنے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے اور کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر جدہ میں او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، آذربائجان، ترکی اور دیگر ممبر ممالک کے مندوبین ،نمائندگان نے شرکت کی، اس موقع پر شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے کشمیر کی آئینی حیثیت کا تعین کرنے والے 370 آرٹیکل اور 35 اے کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔