امیت شاہ تاریخ سے ناواقف نہیں‘ اصل مسئلہ ذات پر مبنی مردم شماری ہے
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے منگل کے روز بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے بارے میں بات کرتے رہتے ہیں۔ راہول گاندھی نے ذات پر مبنی مردم شماری کے مطالبہ کو ایک بار پھر دہرایا اور حکومت پر اس پر بحث نہ کرنے کا الزام لگایا۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ یہ سب توجہ ہٹانے کی حکمت عملی ہے۔ اصل مسئلہ ذات پر مبنی مردم شماری ہے اور یہ ہے کہ لوگوں کو کتنا پیسہ مل رہا ہے؟ وہ اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتے بلکہ وہ اس سے دور بھاگنا چاہتے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہم اس مسئلے کو آگے بڑھائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ غریبوں کو ان کا حق ملے۔جب انہیں بتایا گیا کہ بی جے پی نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی کے طور پر ایک او بی سی لیڈر کا اعلان کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں ہمارے وزیر اعلیٰ بھی او بی سی سے تھے۔ اب انہوں نے بھی ایک او بی سی وزیر اعلیٰ کا اعلان کر دیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ سرکاری نظام میں کتنے او بی سی ہیں؟انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی او بی سی زمرہ سے ہیں لیکن مرکزی حکومت 90 لوگ چلا رہے ہیں اور ان میں سے صرف تین او بی سی زمرے سے ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ میرا سوال ادارہ جاتی نظام میں او بی سی، دلتوں اور قبائلیوں کی شمولیت کے بارے میں ہے۔ وہ جواہر لال نہرو اور دیگر کے بارے میں بات کرتے ہیں تاکہ ہماری توجہ اس معاملے سے ہٹائی جا سکے۔‘‘ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے منگل کو بی جے پی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو درپیش حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے بارے میں بات کرتے رہتے ہیں اور یہ سب توجہ ہٹانے کے حربے ہیں۔ وہ جواہر لال نہرو اور دوسروں کے بارے میں بات کرتے ہیں تاکہ اس مسئلے سے ہماری توجہ ہٹائیں۔راہول گاندھی نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ تاریخ سے شاید واقف نہیں ہیں اس لئے وہ ایسے تبصرے کررہے ہیں ۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے ملک کے لئے قربانیاں دیں اور بڑا عرصہ جیل میں گذرا۔اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ملک میں ذات پر مبنی مردم شماری کروانے کا حکومت سے مسلسل مطالبہ کیا جارہا ہے۔