جی نارائن ریڈی کا مشورہ، وزراء عوام کے لیے دستیاب نہیں
حیدرآباد : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریاستی وزراء عوام کے لئے دستیاب نہیں ہیں، لہذا کورونا کی صورتحال میں عوام سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے وزیر انفارمیشن کے ٹی راما راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دفتر کا پتہ اور ملاقات کے اوقات عوام کیلئے جاری کریں تاکہ عوام اپنی شکایات لے کر رجوع ہوسکیں۔ سوشیل میڈیا پر کے ٹی آر کی جانب سے شروع کردہ مہم کا حوالہ دیتے ہوئے نارائن ریڈی نے کہا کہ آن لائین مہم سے عام آدمی کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔ لہذا دفتر میں شخصی طور پر شکایات کی سماعت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آن لائین مہم شہرت کیلئے کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوالات پہلے سے طئے شدہ ہوتے ہیں جس کا کے ٹی آر جواب دے رہے ہیں۔ کے ٹی آر کو چاہئے کہ وہ اپنے دفتر پر عوام کیلئے دستیاب رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اپنے دفاتر کے علاوہ عوام کے لئے پرگتی بھون میں دستیاب نہیں ہیں۔ کے ٹی آر کئی اہم سرکاری محکمہ جات کا کام کاج دیکھ رہے ہیں، لہذا انہیں عوام سے قریب ہونا چاہئے ۔ ہر شہری ٹوئیٹر اور سوشیل میڈیا کا استعمال نہیں کرسکتا۔ لہذا عوام کی شکایات حکومت تک نہیں پہنچ پارہی ہیں۔ نارائن ریڈی نے کے ٹی آر سے کہا کہ وہ ایک فلمی اداکار کے بجائے عوامی نمائندہ کی حیثیت سے کام کریں۔ صرف میڈیا کوریج اور پبلسٹی کے بجائے عوام کی خدمت کو ترجیح دی جائے۔