وزیر اقلیتی بہبود کی ہدایت، مکہ مسجد کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت، عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔7 ۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ مسابقتی امتحانات میں اقلیتی طلبہ کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے مناسب کوچنگ کا اہتمام کیا جائے ۔ وزیر اقلیتی بہبود نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اقلیتی بہبود کی مختلف اسکیمات پر عمل کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر اے کے خاں ، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم اور سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اجلاس میں سیول سرویس امتحانات کیلئے اقلیتی طلبہ کو کوچنگ کے اہتمام کا جائزہ لیا گیا ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا ۔ اقلیتی طلبہ کو تقررات سے متعلق امتحانات میں بہتر مظاہرہ کیلئے کوچنگ کا اہتمام کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیول سرویس کے علاوہ دیگر مسابقتی امتحانات کے بارے میں عہدیداروں کو توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی امیدواروں کو مختلف ٹکنیکل اور پیشہ ورانہ کورسس میں تربیت دی جانی چاہئے ۔ کے ایشور نے کہا کہ پیشہ ورانہ کورسس میں کوچنگ کے ذریعہ اقلیتوں کیلئے روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ وزیر موصوف نے مکہ مسجد کے تعمیر و مرمتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی اور کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل یہ کام مکمل کرلئے جائیں ۔ اسکے علاوہ دیگر مساجد اور درگاہوں کی مرمت کے سلسلہ میں فوری اقدامات کئے جائیں ۔ کے ایشور نے کرسمس اور رمضان کے موقع پر غریبوں میں تقسیم کئے جانے والے ملبوسات کے معیار میں بہتری اور اسے دیدہ زیب بنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مستحق خاندان تک حکومت کی جانب سے تحفہ پہنچنا چاہئے ۔ وزیر اقلیتی بہبود نے عہدیداروں سے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کی زیرا لتواء درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو شادی مبارک اسکیم کے تحت امداد کے ذریعہ شادیوں میں آسانی پیدا کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے دیگر اسکیمات پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی۔ ر