مسابقتی امتحانات میں معیاری کوچنگ اور بہتر تعلیمی مواد ہی کامیابی کی کلید

   

EAPCET کی مفت کوچنگ کی افتتاحی تقریب سے پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : سائنس اور ٹکنالوجی کے اس ترقی یافتہ دور میں ایجاد اور مسابقت نے وہ ریکارڈ قائم کردئیے ہیں کہ عقل بھی حیراں ہے ۔ میلانات زندگی میں جہاں تجربہ کار ذہن کام کررہے ہیں وہیں باصلاحیت نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد بھی برسرکار ہے جو زندگی کے مختلف شعبہ جات میں گہری چھاپ چھوڑتے جارہے ہیں ۔ بیروزگاری ہمیشہ ہی ایک مسئلہ رہی ہے لیکن یہ بھی ایک اٹل حقیقت ہے کہ سائنس اور ٹکنالوجی سے جو نوجوان طلباء جڑے ہوئے ہیں ان کے لیے روزگار کبھی بھی مسئلہ نہیں بن سکا ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے EAPCET کی کلاسیس کا افتتاح انجام دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری کوچنگ کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جو کہ طلباء کو رینک حاصل کرنے میں کلید کی حیثیت رکھتی ہے ۔ سی ای ڈی ایم نظام کالج کی جانب سے دی جانے والی کوچنگ میں معیار کو ترجیح دیتے ہوئے ماہر اساتذہ کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد میں تبارک ہائی اسکول حطائی گلی میں بھی اس مفت کوچنگ کا نظم کیا گیا ہے ۔ خواہش مند طلباء اس موقع سے فیض حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفت کوچنگ کا انعقاد حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر سرپرستی ہر سال کیا جاتا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ معیاری تعلیمی مواد جلد ہی آن لائن فراہم کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر سید اسرار احمد پروجیکٹ آفیسر نے طلباء سے مخاطب ہوئے کہا کہ رینک حاصل کرنے کے لیے سنجیدگی ، شوق اور جنون لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہی طلباء مسابقتی امتحانات میں رینک حاصل کرتے ہیں جو وقت کی قدر کرتے ہوئے عصر حاضر کی تمام تعلیمی سہولتوں کے ساتھ شبانہ روز منصوبہ بندی کے ساتھ ریاضت کرتے ہیں اور اپنا مستقبل روشن کرتے ہیں ۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کوچنگ کلاسیس میں وقت کی پابندی کے ساتھ روزانہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی ساتھ سی ای ڈی ایم کے تعلیمی مواد کا مطالعہ بھی اپنی ریاضت میں شامل رکھیں ۔۔