TGTET مفت کوچنگ کی اختتامی تقریب ،پروفیسر ایس اے شکورکا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ڈسمبر (پریس نوٹ) مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات عثمانیہ یونیورسٹی زیرسرپرستی محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کے زیراہتمام TGTET کے مفت کوچنگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے کہاکہ مسابقتی امتحانات میں معیاری کوچنگ اور معلوماتی مواد کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ اس مرکز کے ذریعہ حیدرآباد کے علاوہ 12 اضلاع میں مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا اور آن لائن مواد بھی فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ای ڈی ایم کے ذریعہ مختلف مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کے بہتر نتائج آرہے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ پیشہ تدریس ایک باوقار پیشہ ہے جس سے وابستہ ہونے والے طلباء قابل مبارکباد ہیں۔ ڈی ایس سی ؍ ٹی آر ٹی امتحان میں اس مرکز سے کوچنگ حاصل کرنے والے 81 طلباء امتحان میں بہتر رینک حاصل کرکے معلم کے باوقار پیشہ سے وابستہ ہوئے ہیں۔ مزید انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے قابل اساتذہ کو کوچنگ کیلئے متعین کیا جاتا ہے تاکہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل ہوسکے۔ اس اختتامی تقریب میں ڈی ایس ؍ ٹی آر ٹی میں منتخب طلباء کا جن کا تقرر عمل میں آیا ہے انہیں تہنیت پیش کی گئی۔ امید ظاہر کی گئی کہ وہ قوم اور ملت کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور اساتذہ کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی وہ مرکز کے کوچنگ پروگرامس میں دلچسپی لیں گے۔ اساتذہ مسرس سید اصغر، سید رؤف ریحان، عبدالمجاہد، سید عمران، شاہد علی حسرت، کرن کمار، محترمہ مسرت خاتون، عبدالصمد، احمد علی طیب اور سید نوید اختر اور جناب عبدالرحمن نے مخاطب کرتے ہوئے سی ای ڈی ایم کی کوچنگ پروگرام کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی کوچنگ پروگرامس کامیابی کے ساتھ چلائے جائیں گے۔ جناب عبدالکاظم اور محترمہ کریم النساء پراجکٹ اسوی ایٹ نے کوچنگ کے متعلق تفصیلات بتائی۔ جناب شاہد علی حسرت نے تقریب کی کارروائی چلائی۔ محترمہ تبسم، محترمہ عطیقہ جمیل نے کوچنگ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آخر میں محترمہ نیلوفر نے شکریہ ادا کیا۔