کریم نگر میں گروپ IV کی تیاری کا اختتامی پروگرام‘ پروفیسر اکبر علی خاں سابق وائس چانسلر کا خطاب
کریم نگر۔ 14؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی اُردو ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کے اشتراک سے گروپ IV کے مسابقتی امتحان کی تیاری کے لئے تربیتی کلاسس تقریباً تین ماہ سے دی جارہی ہیں۔ 13 مئی بروز ہفتہ مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کے کانفرنس ہال میں اختتامی پروگرام جناب مظفرالدین انجینئر کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں پروفیسر اکبر علی خاں سابق وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی، شیخ ابوبکر خالد جنرل سکریٹری، ڈاکٹر محمد سلیم الدین نائب صدر، مرزا احمد بیگ نائب صدر، مظفرالدین احمد آرگنائزنگ سکریٹری، ڈاکٹر خدیجہ خاتون، محمد حسام الدین بانی کہکشاں میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، جناب خواجہ، نثار احمد مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر اکبر علی خان سابق وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی نے اس پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی اور اُردو ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کی سراہنا کرتا ہوں کہ ملت کے نوجوان طلباء و طالبات کے لئے 75 دنوں کا تربیتی پروگرام رکھا گیا جو قابل تعریف ہے۔ کسی بھی مسابقتی امتحان کے لئے ہمہ جہت مسلسل محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماہر معلمین نے آپ لوگوں کی تربیت کی اور بعد ازاں فرضی نمونہ امتحان بھی منعقد کیا۔ یہ آپ لوگوں کے لئے بہت ہی کارگر ثابت ہوگا۔ موصوف نے کہا کہ آج اختتامی پروگرام ہے، لیکن امتحان تک طلباء کو گھر پر سخت محنت کرنی ہے۔ فضول وقت گزارنے سے گریز کرتے ہوئے اپنے ہدف کی تیاری کریں۔ صدر مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی محمد مظفرالدین نے تلنگانہ اُردو ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کے اشتراک سے 75 دنوں کی گروپ IV مفت کوچنگ کے کامیاب انعقاد پر ذمہ داران کی کارکردگی کی ستائش کی۔ سرور شاہ بیابانی مشیر اعلیٰ TUTA، ڈاکٹر خدیجہ خاتون، ڈاکٹر سلیم الدین، محمد حسام الدین، نثار احمد نے بھی اس تقریب کو محاطب کیا۔ فرضی نمونہ امتحان میں کامیاب 10 طلباء ٹاپرس کو مومنٹو سے نواز گیا۔ اس موقع پر TUTA کے ذمہ داران قاضی محمد شجیع الدین، حافظ عبدالمجید اشتیاق، خواجہ سید اظہرالدین مبین، سید مطہرالدین، اظہار حسین، فوزیہ کوثر، نکہت رعنا، حمیرہ و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔