کے ٹی آر کی تجویز پر رعایتی شرح پر فراہمی
حیدرآباد۔یکم؍ ستمبر، ( سیاست نیوز) مسابقتی امتحانات میں طلبہ کی رہنمائی کیلئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے 4 کتابوں پر مشتمل جو اسٹڈی میٹریل تیار کیا ہے اسے آن لائن فروخت کیلئے رکھا گیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے مشورہ پر یونیورسٹی نے رعایتی قیمت پر اسٹڈی میٹریل فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹڈی میٹریل کی تیاری کا مقصد مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کو معیاری کتابیں فراہم کرنا ہے۔ آن لائن فروخت پر تاحال 500 سے زائد طلبہ نے اپنے آرڈر بک کروائے ہیں۔ چار کتابیں جو مختلف موضوعات کے ساتھ 22 ہزار صفحات پر مشتمل ہیں طلبہ کو صرف 1150 روپئے میں فروخت کی جائیں گی۔ یونیورسٹی نے پہلے مرحلہ میں 20 ہزار کتابیں شائع کی ہیں اور سابق صدرنشین پبلک سرویس کمیشن ڈاکٹر جی چکرا پانی کی نگرانی میں ماہرین کی ٹیم نے کتابیں تیار کی ہیں۔ آن لائن خریدی کیلئے اوپن یونیورسٹی کی ویب سائیٹ سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ امیدوار رقم کی ادائیگی سے متعلق سلپ کے ساتھ یونیورسٹی پہنچ کر کتابیں حاصل کرسکتے ہیں یا پھر انہیں آن لائن بکنگ کے بعد بذریعہ پوسٹ گھر پر کتابیں روانہ کی جائیں گی۔ر