چنچولی میں مسجد اہل بیت کا افتتاح، مولانا محمد ریاض احمد کا خطاب، بھائی چارگی کے فروغ پر زور
گلبرگہ ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسجد اہل بیت شادی پور کا افتتاح شادی پور تعلقہ چنچولی، ضلع گلبرگہ، کرناٹک میں 23 ستمبر پیر کو عمل میں آیا۔ تقریب کی صدارت مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی (بانی ریاض العلوم و ریاض اسلامک اسکول فلک نما) نے کی۔ افتتاحی تقریب کے بعد مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے نماز ظہر کی امامت کی اور حاضرین سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مسجد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسجد نہ صرف عبادت کی جگہ ہے بلکہ مسلمانوں کے لئے روحانی اور معاشرتی تربیت کا ایک اہم مرکز بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد مسلمانوں کو دینی اور دنیاوی امور میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ مسجد کی تعمیر دین کی سربلندی اور اسلامی ثقافت کے تحفظ کی علامت ہے۔ مولانا نے اس بات پر زور دیا کہ مسجد کو صرف افتتاح کے دن کے لئے نہیں بلکہ مستقل طور پر نماز، دینی تعلیم، ذکر الٰہی اور قرآن کی تلاوت کے ذریعہ آباد رکھیں۔ انہوںنے رسول ؐ کا فرمان بھی بیان کیا کہ سب سے محبوب جگہ اللہ کے نزدیک مسجدیں ہیں۔ مسلمانوں کو اپنی زندگیوں میں رسول ؐ کی سیرت کو اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوںکو چاہئے کہ وہ صبر، محبت اور حسن سلوک کے ساتھ معاشرتی تعلقات کو بہتر بنائیں۔ خاص طور پر موجودہ حالات میں جب بیرونی سازشیں مسلمانوں کے خلاف کام کررہی ہیں۔ صدر اجلاس مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مسجد کا استعمال صرف نماز تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ اسے ایک تعلیمی اور تربیتی مرکز بھی بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں دینی تعلیمات، اسلامی اخلاق اور مسلمانوں کی معاشرتی ذمہ داریوں کے حوالے سے تربیتی سیشنس کا بھی اہتمام ہونا چاہئے تاکہ مسجد مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا باعث بنے۔ مولانا نے زور دیا کہ مسلمانوں کو اپنے اختلافات ختم کرکے محبت اور بھائی چارہ کو فروغ دینا چاہئے تاکہ ملک میں جاری سیاسی سازشوں کا صبر و حکمت سے مقابلہ کیا جاسکے۔