مساجد ، منادر ، چرچ اور گردواروں میں عبادت کی اجازت پر زور

   

نماز عید الفطر کے لیے مختصر وقت مقرر کرنے کا مطالبہ ، صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : مساجد ، منادر ، چرچ ، گردوارہ کھولنے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے آج صدر دفتر تحریک مسلم شبان واقع اعظم پورہ میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن 4 میں بہت ساری مراعات دی گئی ہیں ۔ ٹرافک کا ہجوم سڑکوں پر ہے ۔ آٹو کار اور دیگر سواریاں دوڑ رہی ہیں ۔ دوکانات کھول دی گئی ہیں ۔ عوام ذہنی اضطراب کا شکار ہیں ۔ اس اضطرابی حالت میں عبادت گاہوں میں لوگ جاکر عبادت کریں گے ۔ ذہنی تناؤ سے باہر آئیں گے ۔ جناب محمد مشتاق ملک نے آج دیگر جماعتوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی پابندی کی گئی ۔ نماز تراویح جمعہ اور فرض نمازیں گھروں میں ادا کی گئی ۔ مگر اب حجامت خانہ کھل گئے ۔ شراب کی دوکانات دھوم سے کھل گئی تو مساجد اور دیگر عبادت گاہیں بند کرنا ظلم ہے ۔ افسوس اس بات کا ہے کہ مرکزی حکومت تفریح گاہوں اور عبادت گاہوں کو ایک ہی زمرہ میں رکھا ہے جو باعث افسوس ہے ۔ ریاستی چیف منسٹر ، وزیر صحت ، ڈی جی پی ، سٹی کمشنر آف پولیس کو بہت سارے خطوط لکھے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذہبی اجتماعات جلسے ، جلوس کی اجازت نہ دی جائے ۔ 15 تا 20 منٹ مساجد میں نماز عید اور دوسرے نمازوں کی اجازت دی جائے اس کے لیے ہم نے ڈاکٹرس اور دیگر ماہرین سے مشورہ بھی کیا ۔ صدر تحریک مسلم شبان نے کہا کہ سیاسی دباؤ مذہبی شخصیتوں کے عجلت میں فیصلے دورس نتائج و اثرات ڈالیں گے ۔ لاک ڈاون 4 کے آغاز سے قبل ہی اعلان نماز عید گھروں میں ادا کرنے کا اعلان باعث افسوس ہے ۔ جب کہ لاک ڈاؤن 4 میں ہر چیز کھل گئی سوائے عبادت گاہوں کے ۔ تحریک مسلم شبان نے اپیل کی کہ نماز عید پڑھنے اور مساجد کھولنے کی اجازت دی جائے ۔ ریاست تلنگانہ کے تقریبا 1000 ہزار ائمہ و خطیب حضرات نے حمایت کی ہے ۔ انہوں نے مساجد کے کھولنے کے لیے رہنمایانہ اصول بتلاتے ہوئے کہا کہ اگر 1000 کی گنجائش والی مسجد ہے تو 500 مصلی نماز ادا کریں ۔ 200 والی مسجد میں 100 ادا کریں گے ۔ گلے نہ ملیں ، مصافحہ نہ کریں ، سلام کریں خیر خریت دریافت کریں ، ماسک لگاکر مسجد آئیں ۔ گھر سے وضو کر کے آئیں ، مساجد کے بیت الخلاء کم ہی استعمال کریں ۔ 65 سال سے زیادہ عمر کے اصحاب مسجد نہ آئیں ، ضرورت پڑھنے پر 2 یا اس سے زیادہ عید کی نمازیں با جماعت پڑھیں ۔ ہجوم نہ جمع ہوں ۔ مسجد کے اطراف اور محلوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ پریس کانفرنس میں مولانا محمد نصیر الدین امیر وحدت اسلامی ، ویلفیر پارٹی ، ایم پی جے ، جماعت اسلامی کے ذمہ داروں کے علاوہ خالد علی خاں قادری ، جناب شکیل ایڈوکیٹ ، جناب ڈاکٹر عظیم ، جناب قمر و دیگر موجود تھے ۔۔