ہوش رُبا مہنگائی کے باوجود روزہ داروں میں جوش و خروش ، دیورکدرہ میں افطار سے قبل قومی یکجہتی کے نظارے
دیورکدرہ /30 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دیورکدرہ میں ماہ رمضان المبارک کے روح پرور مناظر دکھائی دے رہے ہیں ۔ مسلمان قیام الیل و دیگر عبادتوں میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ ماہ مبارک کے آغاز سے قبل ہی مساجد کی آہک پاشی کے ساتھ ساتھ مستقر کے علاوہ اطراف و اکناف مواضعات و قصبات کی بھی مساجد میں مصلیوں اور کمسن روزہ داروں کا کافی ہجوم دکھائی دے رہا ہے ۔ ہر وقت قرآن کریم کی آیات کی گونج کی وجہ نورانی منظرکی کیفیت ہے ۔ چھوٹے بڑے معصوم بچے بھی روزوں کا اہتمام کرتے ہوئے عبادتوں میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ تراویح اور پنچ وقتہ نمازوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے بشمول پڑوسی ریاستوں ، آندھراپردیش ، ہریانہ و دیگر ریاستوں کے سفیر حضرات اور دینی مدارس کی مالی اعانت کیلئے دیورکدرہ کا دورہ کرتے ہوئے بامراد لوٹ رہے ہیں۔ جہاں رمضان مختلف عبادتوں کو لیکر مصروف کردیا ہے ۔ وہیں خرید و فروخ میں بھی قابل لحاظ اضافہ ہوگیا ہے ۔ ہر طرف مختلف قسم کے میوہ جات اور ہوٹلوں میں مختلف قسم کے پکوان روزہ داروں کو اپنی جانب راغب کر رہے ہیں ۔ مکانات میں خواتین حضرات بھی عبادتوں میں مشغول ہیں اور طرح طرح کے پکوان کرتے ہوئے خود کو مصروف کرلیا ہے ۔ شہر دیورکدرہ کی وسیع و عریض جامع مسجد تنگ دامنی کا شکوہ کر رہی ہے ۔ مصلیان کی کثیر تعداد نے مسجد کے احاطہ میں جگہ کی تنگی کے سبب درگاہ اقدس احاطہ حضرت سید شاہ ملے واری صاحب ؒمیں داخل ہوکر روزہ افطاری کیلئے شامیانے لگاتے ہوئے رمضان المبارک کا اہتمام کیا جارہا ہے اور دیگر مساجد میں روزہ داروں کی کثیر تعداد دکھائی دے رہی ہیں ۔ رمضان المبارک میں ہر روزہ دار یہاں افطار کیلئے کثیر تعداد میں جمع ہوکر افطاری کا اہتمام کرتے ہیں ۔ افطار سے قبل قومی یکجہتی کے دلکش مناظہر دکھائی دیتے ہیں ۔ ہندو بھائیوں اور بہن بصد عقیدت و احترام مساجد پہونچکر روزہ دار مسلم بھائیوں کیلئے کھجور اور مختلف قسم کے میوہ جات وغیرہ فراہم کرتے ہوئے روزہ کشائی کا اہتمام کرتے ہیں ۔ شہر دیورکدرہ میں ماہ رمضان کے پیش نظر ہوٹلوں میں حلیم و ہریس کی بھٹیاں لگائے گئے ہیں ۔ اکثر برادران وطن کا کہنا ہے کہ اس ماہ مبارک میں ایک ایسا ماحول دیکھنے میں آتا ہے کہ غیر مسلموں میں ایک خوشی محسوس کی جارہی ہے ۔ عیدالفطر کی تیاری کیلئے بھی قبل از وقت ہی مسلمانوں نے ہمہ اقسام کے ملبوسات اور ہمہ اقسام کے جوتوں کے دوکانات کے علاوہ مختلف ساز و سامان کی دوکانات لگائی ہے ۔ جس کی سجاوٹ سے سارے شہردیورکدرہ میں رونق ہی رونق ہے ۔