مساجد میں نماز عیدالفطر کے بجائے گھروں میں چاشت یا نماز شکرانہ ادا کی جائے

   

تلنگانہ کے علماء کرام و مشائخین کی ویبنار میں شرکت ، گزشتہ لاک ڈاؤن کی طرح محدود تعداد میں نمازوں کی اجازت

حیدرآباد: تلنگانہ میں عیدالفطر سے عین قبل لاک ڈاون کے نفاذ کے پس منظر میں نماز عید کی ادائیگی کیلئے مسلمانوں کی رہنمائی کے مقصد سے شہر اور اضلاع کے مختلف علماء کرام اور مشائخ عظام کے ساتھ ویبنار کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں متفقہ طور پر مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ پابندیوں کا احترام کرتے ہوئے نماز عیدالفطر مساجد میں ادا کرنے سے گریز کریں۔ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران تمام عبادت گاہوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ عیدگاہ یا مساجد میں نماز عیدالفطر کے بجائے اپنے گھروں میں چاشت یا شکرانہ کی نماز ادا کریں۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے اس ویبنار کا اہتمام کیا تھا جس میں وزیر داخلہ محمد محمود علی ، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھاگوت نے بھی شرکت کی۔ حکومت کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران مساجد کو مکمل طور پر بند رکھنے کے بجائے گزشتہ سال لاک ڈاون کی طرح 4 افراد کے ساتھ نمازوں کے اہتمام کی اجازت رہے گی۔ اذان کے ساتھ مساجد میں 3 تا 4 افراد گزشتہ لاک ڈاؤن کی طرح نمازوں کا اہتمام کرپائیں گے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کمشنر پولیس نے اس سلسلہ میں متعلقہ پولیس عہدیداروں کو واقف کرانے کا تیقن دیا۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے کہا کہ تمام مذہبی عبادتگاہوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لہذا مسلمانوں کو مساجد کے بجائے اپنے گھر میں نماز ادا کرنی چاہئے ۔ مسلمانوں میں متحدہ اور مشترکہ طورپر پیام پہنچانے کیلئے تلنگانہ کی نمائندہ مذہبی شخصیتوں کے ساتھ ویبنار کا اہتمام کیا گیا ۔ مسلم قائدین کی توجہ دہانی پر ڈائرکٹر جنرل پولیس نے مساجد میں 3 تا 4 افراد کے ساتھ باجماعت نمازوں کے اہتمام کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے ۔ ویبنار سے جن علماء نے خطاب کیا ، ان میں مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، مولانا حامد محمد خاں امیر جماعت اسلامی تلنگانہ ، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی صدر جمعیۃ العلماء ، مولانا محمود پاشاہ قادری ، مولانا غیاث رشادی ، مولانا سید اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ ، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا، جناب ضیاء الدین نیر کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علماء اور اضلاع سے تعلق رکھنے والی مذہبی شخصیات شامل ہیں۔