مساجد میں نماز عیدکی اجازت دینے کلکٹرس کو ہدایت

   

Ferty9 Clinic

سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کے احکامات، عید کے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی
حیدرآباد۔ حکومت نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ بقرعید کے موقع پر جاری کردہ ہدایات اور رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے احکامات جاری کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس کو عیدالاضحی کے موقع پر اختیار کئے جانے والے اُمور کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے وقف بورڈ کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنس پر عمل آوری کی ہدایت دی جس کے تحت عید کے موقع پر ہر کسی کو کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ہوں گے۔ ریاست کی کسی بھی عیدگاہ میں نماز عید کی اجازت نہیں رہے گی اس کے بجائے مقامی مساجد میں محدود مصلیوں کے ساتھ نماز عید کی اجازت رہے گی۔ گائیڈ لائنس کے مطابق ہر مسجد میں صرف 50 مصلیوں کی اجازت ہوگی اور زائد مصلیوں کی صورت میں ایک سے زائد جماعتوں کا اہتمام کیا جائے۔ مصلیوں کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ برقرار رہنا چاہیئے۔ ہر مصلی کو باوضو اور اپنی جانماز ساتھ رکھنی ہوگی۔ منیجنگ کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مساجد کو سنیٹائز کریں اور ہر مصلی کے ہاتھوں کو سنیٹائزر یا صابن سے دھونے کا انتظام کریں۔ ائمہ اور خطیب حضرات مختصر خطبہ دیں۔ ضعیف العمر افراد اور بچوں کو مساجد میں آنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ اس کے علاوہ کھانسی، سردی اور بخار میں مبتلاء افراد کو مساجد سے دور رہنا چاہیئے۔ شوگر، ہائی بی پی اور دیگر قلب کے امراض کا شکار افراد کو مکانات میں نماز کی ادائیگی کا مشورہ دیا گیا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے بارے میں مساجد کے باب الداخلہ پر بورڈ آویزاں کیا جائے۔ مساجد کی کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ مقررہ تعداد میں مصلیوں کی آمد کے بعد گیٹ کو بند کردیں۔ جانوروں کی خریدی کے سلسلہ میں ہجوم سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ نماز عید اور قربانی کے سلسلہ میں جاری کردہ گائیڈ لائنس کی نقل تمام ضلع نظم و نسق کو روانہ کی گئی ہے۔ اسی طرح آندھرا پردیش میں بھی حکومت نے عیدگاہوں کے بجائے مقامی مساجد میں نماز عید کی اجازت دی ہے۔ دونوں ریاستوں کے گائیڈ لائنس تقریباً یکساں ہیں۔