مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں نمازوں کا اہتمام نہیں ہوگا
حیدرآباد: محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران تمام اقلیتی عبادتگاہوں میں حکومت کی تحدیدات پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کرتے ہوئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ لاک ڈاؤن کے دوران عبادت گاہوں کو بند رکھنے کی ہدایت پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس 102 میں تمام مذہبی عبادت گاہوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کسی بھی عبادت گاہ میں اجتماعی عبادت کی اجازت نہیں ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کی جانب سے تمام عبادتگاہوں کی کمیٹیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ میں تحدیدات پر عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ اقلیتی بہبود کے تمام دفاتر میں 33 فیصد حاضری کے ساتھ کام ہوگا۔ اسی دوران چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ نے تمام متولیوں اور مینجنگ کمیٹیوں کو حکومت کے احکامات پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ کسی بھی مسجد میں نمازوں کے اہتمام کی اجازت نہیں رہے گی جبکہ 3 تا 4 افراد گزشتہ لاک ڈاؤن کی طرح نماز ادا کرسکتے ہیں۔