مساج پارلروں سے جبراً وصولی کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

خود ساختہ رپورٹر کے بشمول پانچ افراد گرفتار، ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) مساج پارلروں سے جبراً وصولی کرنے والی ایک شاطر ٹولی کو پولیس نے بے نقاب کردیا اور خود ساختہ رپورٹر کے بشمول 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون کی ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران 33 سالہ سریندرراجو ساکن عنبرپیٹ،30 سالہ کرن کمار ساکن جیڈی میٹلہ ، 25 سالہ راگھوناتھ چاری ساکن بالا پور ، 26 سالہ راجہ کرشنا ساکن کاچی گوڑہ اور 28 سالہ روی ساکن گھٹکیسر کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 50 ہزار نقد رقم ، فرضی شناختی کارڈ کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق راجو پہلے سیلون چلایا کرتا تھا اورزائد آمدنی کے لئے اس نے اس پیشہ کو ترک کرتے ہوئے ڈرائیونگ شروع کردی اور اس پیشہ سے ضروریات کی عدم تکمیل پر یہ پریشان تھا۔ سیلون چلاتے وقت اس سے اکثر گراہک رابطہ میں تھے اور اس سے کراس مساج کی خواہش کرتے تھے۔ اس بات کو بنیاد بناکر اس نے مساج سنٹروں کو دھمکانے لگا اور اس نے میڈیا کا فرضی شناختی کارڈ تیار کرتے ہوئے مساج سنٹروں پر پہنچتا اور ان سے جبراً وصولی کرتا تھا۔ جس کے بعد اس نے ٹولی تیار کرلی اور 13 اگسٹ کو اس نے ایس آر نگر میں ایک لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس نے انہیں بے نقاب کردیا۔