بہار کے بھوجپور میں ایک بار پھر انسانیت کو شرمسار کر دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک نجی کلینک میں علاج کروانے آئی قومی سطح کی نابالغ ہینڈبال کھلاڑی کے ساتھ وارڈ بوائے نے چھیڑ چھاڑ کی۔ حالانکہ پولیس نے متاثرہ کے بیان کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور پورے معاملہ کی چھان بین کر رہی ہے ۔
واقعہ ضلع کے ادونت نگر تھانہ علاقہ کے جیرومائل واقع کوشلیا سمے اسپتال کا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جگدیش پور تھانہ علاقہ کی رہنے والی ایک نابالغ نیشنل کھلاڑی جمعرات کو اپنے چھت سے اچانگ گر کر بری طرح سے زخمی ہو گئی تھی۔ اسے علاج کے لئے اہل خانہ نے آرا جیرو مائل واقع کوشلیا سمے اسپتال میں بھرتی کرایا تھا۔
جمعرات کی دیر رات زخمی نابالغ کھلاڑی جب اسپتال میں اپنے بستر پر سوئی ہوئی تھی تبھی وارڈ بوائے طبی صلاح ومشورہ کا بہانہ بنا کر لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے لگا۔ جب متاثرہ نے اس کی مخالفت کی تو اس نے مساج کے ذریعہ اس کی تکلیف کم کرنے کی بات کہی۔ اس کے ساتھ ہی وہ گندی حرکتیں کرنے لگا۔ متاثرہ کی جانب سے مخالفت کرنے پر جب شوروغل ہونے لگا تو وارڈ بوائے وہاں سے بھاگ گیا۔
لڑکی نے اپنے ساتھ ہوئی آپ بیتی جب اپنے اہل خانہ کو بتائی تو ان کے ہوش اڑ گئے۔ اہل خانہ نے اس کی شکایت اسپتال کے ملازمین سے کی لیکن ملازمین نے معاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی۔ اس سے ناراض اہل خانہ نے اس کی فوری اطلاع ادونت نگر تھانہ پولیس کو دی۔ پولیس فورا موقع پر پہنچی اور وارڈ بوائے کو گرفتار کر کے معاملہ کی چھان بین کر رہی ہے۔