سنٹرل زون جوائنٹ کمشنر آف پولیس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/2فروری، ( سیاست نیوز) سیف آباد پولیس کی کرائم ٹیم نے 7 افراد بشمول ٹراویل ایجنٹس اور آٹو ڈرائیورس کو گرفتار کرلیا جنہوں نے خانگی بس ٹراویل کے پاسنجرس کو لوٹ لیا تھا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سنٹرل زون مسٹر وی وشوا پرساد نے کہا کہ 30 جنوری کی شب مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے مندار کول اور اس کے دیگر ساتھیوں راجیش کول، راہندر کول، لالگی کول اور دیگر دیپک ٹراویلس کی بس کے ذریعہ سنگرولی مدھیہ پردیش سے حیدرآباد پہنچے اور ٹینک بنڈ امبیڈکر مجسمہ کے پاس وہ بس سے اُتر گئے۔ اسی دوران وہاں پر موجود دو آٹو ڈرائیورس نے انہیں ان کے مزید سفر کے سلسلہ میں دریافت کیا جس پر مندار کول اور اس کے ساتھیوں نے بتایا کہ وہ فوری طور پر کریم نگر جانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلہ میں آٹو ڈرائیورس نے انہیں مدد کرنے کے بہانے سلام نمستے ٹراویلس کے دفتر لے گئے جہاں پر انہیں آٹو ڈرائیورس اور ٹراویل ایجنٹس نے زدوکوب کرکے ان کے موبائیل فونس اور نقد رقم چھین لیا۔ بعد ازاں متاثرہ افراد کو آرام گھر پر چھوڑ دیا۔ اسی دوران مندار کول نے ملزمین کے آٹو کے نمبرات نوٹ کرلئے اور فوری طور پر سیف آباد پولیس کو آگاہ کیا۔ جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے باغ جہاں آراء کے ساکن محمد سہیل جو سلام نمستے ٹراویل کا منیجر ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں محمد معین، سہیل خان، سید نعیم، شیخ جعفر، شیخ محسن اور محمد حاجی پاشاہ جو سلام نمستے ٹراویلس کا مالک ہے کو گرفتار کرلیا گیا۔ جوائنٹ کمشنر وشوا پرساد نے بتایا کہ بعض ٹراویل ایجنٹس آٹو ڈرائیورس سے ساز باز کے ذریعہ شہر پہنچنے والے ریل اور بس کے مسافرین کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بعض ٹراویل ایجنٹس دیگر ریاستوں سے آنے والے پاسنجرس کا استحصال کررہے ہیں اور اس سلسلہ میں پولیس نے افضل گنج اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں واقع کئی ٹراویل ایجنسیز کی نشاندہی کی ہے جو اس قسم کی حرکتوں میں ملوث ہیں۔ب