حیدرآباد۔/17اگسٹ، ( سیاست نیوز) مسافروں کو لوٹنے اور رہزنی کرنے والی ایک تین رکنی ٹولی کو پولیس بیگم پیٹ نے گرفتار کرلیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پولیس نے جانچ کرتے ہوئے 19 سالہ ابھیلاش ساکن پیٹ بشیرآباد ،20 سالہ وینکٹ راؤ شنڈے ساکن پیٹ بشیر آباد اور 19 سالہ پٹھان سلمان خان ساکن پیٹ بشیرآباد کو گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی نے بیگم پیٹ کے علاقہ میں ایک شخص سے قیمتی سیل فون چھین لیا تھا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک آٹو اور تین موبائیل فون ضبط کرلیا۔ رات کے اوقات آٹو میں گھومتے ہوئے یہ ٹولی تنہا راہگیروں کو نشانہ بناتی تھی۔ پولیس نے اس ٹولی کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔