مسافرین کو ڈرادھمکاکر رقم اور اشیاء لوٹنے والی ٹولی گرفتار

   

مسروقہ رقم ، موبائیل اور اسمارٹ گھڑی ضبط ، اے سی پی شنکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) مسافرین کو ڈرا دھمکاکر ان سے رقم اور قیمتی اشیاء کو لوٹنے والی ایک تین رکنی ٹولی کو رچہ کنڈہ اسپیشل آپریشن ٹیم نے بے نقاب کردیا اور ایک نابالغ کے بشمول تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ونستھلی پورم مسٹر شنکر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 21 سالہ محمد عامر ساکن عنبرپیٹ ، 24 سالہ محمد فاروق ساکن واحد نگر عنبرپیٹ کے علاوہ ایک نابالغ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 1900 روپئے نقد رقم ، ایک کار ، 4 موبائیل فون اور ایک اسمارٹ واچ کو ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق عامر پیشہ سے کار ڈرائیور ہے جو ایک ڈاکٹر کے یہاں ملازمت کرتا تھا اور کار اس کے پاس ہی رہتی تھی ۔ اس نے اپنے ساتھی اور ایک نابالغ کے ہمراہ منصوبہ تیار کیا اور مسافرین کو لوٹنا شروع کردیا۔ 30 ستمبر کے دن تینوں کار لیکر ایل بی نگر پہونچے جہاں شکایت گذار جگدیش نائیک موجود تھا جو الاہ گڈہ ضلع کرنول کامتوطن بتایا گیا اور یہ شخص وجئے واڑہ اپنے رشتہ داروں کے یہاں جانے کیلئے ٹھہرا تھا ۔ یہ تینوں کار لیکر اُس کے قریب پہونچے اور وجئے واڑہ جانے کا ارادہ ظاہر کیا اور بس کے کرایہ کی قیمت میں وجئے واڑہ چھوڑنے کی شرط پر اس کو کار میں بٹھالیا ۔ کار جیسے ہی کتہ گڈیم پہونچی یہاں کار کو ایک بہانے سے روک دیا گیا اور نابالغ جو سامنے کی سیٹھ پر بیٹھا تھا وہ پیچھے چلاگیا اور اس نے اس شکایت گذار کو دھمکانہ شروع کردیا اس کے قبضہ سے 1400 روپئے نقد رقم چھین لی گئی اور ایک اے ٹی ایم سنٹر پر گاڑی کو روک کر اے ٹی ایم کے ذریعہ رقم نکالی گئی اور 2 ہزار روپئے رقم لینے کے بعد اُسے چھوڑ دیا گیا ۔ اس ٹولی نے اس طرح کی ایک اور حرکت 3 اکتوبر کے دن انجام دی ۔ ایل بی نگر چوراہے سے وینکٹاورون نامی شخص کو گاڑی میں سوار کرلیا گیا اور حیات نگر کے مقام پر اس کو دھمکاکر رقم اور سیل فون چھین لیا گیا اور کار سے ڈھکیل کر فرار اختیار کرلی ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے کار ، اسمارٹ واچ اور 5 سیل فون ضبط کرلئے ۔