مسافر پروازیں شروع کرنے پر 3مئی کے بعد غور ممکن:پوری

   

نئی دہلی۔14 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے پیش نظر سبھی گھریلو اور بین الاقوامی باقاعدہ پروازیں 3 مئی تک منسوخ کرنے کا اعلان کے بعد شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ اس کے بعد گھریلو اور بین الاقوامی مسافر طیارہ سروس شروع کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے ۔کورونا وائرس کا انفیکشن روکنے کیلئے ملک بھر میں 25مارچ سے جاری لاک ڈاؤن کی مدت 3مئی تک بڑھانے کی حکومت کے فیصلے کے بعد شہری ہوابازی کی وزارت نے اگلے 19دن کیلئے باقاعدہ مسافر پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ وزارت نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سبھی باقاعدہ گھریلو اور بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت 3 مئی کی رات 11:59 منٹ تک کیلئے ملتوی کی جاتی ہیں۔پوری نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ 3 مئی کے بعد گھریلو اور بین الاقوامی دونوں طرح کی پروازوں سے پابندی ہٹانے پر غور کرسکتے ہیں۔