تلنگانہ عام آدمی پارٹی کا اجلاس، ویشویشور ریڈی، جسٹس چندرا کمار اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد 16 فروری (راست) دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اثرات پر عام آدمی پارٹی کا اجلاس 16 فروری کو گولڈن جوبلی ہال واقع احاطہ روزنامہ سیاست میں مسٹر آر وینکٹ ریڈی سینئر لیڈر اڈوائزر عاپ تلنگانہ اسٹیٹ کور کمیٹی، نیشنل کنوینر ایم وی فاؤنڈیشن وی جی او منعقد ہوا۔ اس موقع پر مسٹر ہنمنت راؤ ترجمان عاپ پارٹی ٹی ایس کور کمیٹی نے دہلی انتخابی مہم کے تجربات سے واقف کروایا۔ اس اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جسٹس چندرا کمار موظف جج کے علاوہ مسٹر بابل ریڈی معاون کنوینر عاپ ٹی ایس کور کمیٹی، ڈاکٹر انصاری خازن عاپ ٹی ایس کور کمیٹی، ڈاکٹر چندراشیکھر اور مسٹر ویشویشور ریڈی سابق رکن پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ قبل ازیں مسٹر سید غفار عاپ ٹی ایس کور کمیٹی کوآرڈی نیٹر و ترجمان نے خیرمقدمی خطاب کیا۔ اس موقع پر مسٹر آر وینکٹ ریڈی نے اپنے خطاب میں کہاکہ انتخابی تاریخ میں پہلی مرتبہ عاپ نے عوام سے خواہش کی کہ وہ ترقی کی بنیاد پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں جس سے کجریوال نے دہلی حکومت کے لئے اپنی ایک تاریخ رقم کی ہے کیوں کہ اُنھوں نے پینے کا پانی، برقی، تعلیم، صحت و طبابت، عمارت و شوارع، ڈرینج، تحفظ خواتین، حمل و نقل، آلودگی، صاف و صفائی، کسان، مزدور اور دیگر شعبہ حیات کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں اس کی بنیاد پر عوام نہ صرف کجریوال بلکہ عام آدمی پارٹی کے نمائندوں کو منتخب کرنے کو ترجیح دی ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ دہلی کی ترقی کی بنیاد پر پارٹی نے ایک اچھی مہم چلائی تھی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اٹارنی سونتھ بھارتی عام آدمی پارٹی تلنگانہ انچارج، پرینکا کاکر ایڈوکیٹ و تلنگانہ آبزرور، راشد الحق عام آدمی پارٹی تلنگانہ جائنٹ سکریٹری اور سید عبدالمصور عام آدمی پارٹی ترجمان نے دہلی حکومت کی حلف برداری اور کابینہ کی تشکیل کے ضمن میں دہلی جانے کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کرسکے۔ جبکہ آر وینکٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے انجام دی گئی ترقی کی بنیاد نے عام آدمی پارٹی کی خدمات کا اعتراف کرکے انھیں دوبارہ اقتدار پر فائز کیا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ عام آدمی پارٹی کی تاریخ کامیابی کے بعد ملک گیر سطح پر عوام نے پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے رکنیت حاصل کررہے ہیں۔ مہمان خصوصی مسٹر ویشویشور ریڈی نے کہاکہ مساوات کی بنیاد پر سیاست کی ضرورت ہے جبکہ فرقہ، مذہب یا پھر نفرت کی سیاست کو ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔